اسلام آباد ۔ 10 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک بچیوں کی تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، ہماری حکومت بچیوں کی تعلیم پر توجہ دے رہی ہے، بچیوں کی تعلیم کو یقینی بنانے کیلئے دیہی علاقوں کے سکولوں میں سہولیات کو مکمل کیا جا رہا ہے۔ وہ پیر کو غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے جاری کی …
وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال کا غیر سرکاری تنظیم کی تعلیمی ”اثر رپورٹ 2019ئ“ کی تقریب رونمائی سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 10 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک بچیوں کی تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، ہماری حکومت بچیوں کی تعلیم پر توجہ دے رہی ہے، بچیوں کی تعلیم کو یقینی بنانے کیلئے دیہی علاقوں کے سکولوں میں سہولیات کو مکمل کیا جا رہا ہے۔ وہ پیر کو غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے جاری کی جانے والی تعلیمی ”اثر رپورٹ 2019ئ“ کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہی تھیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 25 اے کے مطابق ہر شہری کو تعلیم دینا حکومت کی ذمہ داری ہے جو اس کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے کوششیں کر رہی ہے جبکہ خواتین کی تعلیم اس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک بچیوں کی تعلیم کو یقینی بنائے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، ایک بچی کو تعلیم دینا ایک خاندان کو تعلیم دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں سکولوں میں بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ بچے آسانی سے تعلیم حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اثر اور اس طرح کی دیگر تعلیم کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کے اعداد و شمار اور رپورٹس کو اہمیت دیتی ہے اور وہ تنقید کو مثبت انداز میں لیتے ہوئے اپنی غلطیوں کو دور کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اثر رپورٹ 2019ءکی تیاری اور اس کیلئے کام کرنے والی تنظیموں اور افراد کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر گلگت بلتستان کے وزیر تعلیم ابراہیم ثناءسائی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہمارا علاقہ تعلیم کے لحاظ سے سب سے آگے جا رہا ہے اس کی بڑی وجہ تعلیم کے لئے ہماری کمٹمنٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیاں بنانا اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے دیامیر جیسے اضلاع میں تعلیم کے بہت مسائل تھے جس پر انہوں نے کافی حد تک قابو پا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ اساتذہ کی تربیت اور لائسنسنگ کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پرائمری اور میٹرک کی سطح پر ای لرننگ اور فاصلاتی تعلیم کو بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کے حوصلہ افزاءنتائج ملے ہیں۔ اس موقع پرمسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی مہناز اکبر عزیز نے کہا کہ تعلیم کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیمیں قومی خدمت کر رہی ہیں، ہمیں ان رپورٹس کو مثبت انداز میں لینا چاہئے اور جہاں بھی حکومتوں کی غلطیاں کوتاہیاں ہیں انہیں دور کیا جائے۔ تقریب سے دیگر شرکاءنے بھی اپنے خطاب میں تعلیم کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر زور دیا۔








