وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے نیوٹریشن انٹرنیشنل پاکستان کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر عرفان اللہ کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں غذائیت سے متعلق اقدامات، خوراک کی فورٹیفکیشن اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں مائیکرونیوٹرینٹس کی کمی پر قابو پانے، مائوں اور بچوں کی غذائیت بہتر بنانے …

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے نیوٹریشن انٹرنیشنل پاکستان کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر عرفان اللہ کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں غذائیت سے متعلق اقدامات، خوراک کی فورٹیفکیشن اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں مائیکرونیوٹرینٹس کی کمی پر قابو پانے، مائوں اور بچوں کی غذائیت بہتر بنانے اور ملک بھر میں غذائیت سے بھرپور اور فورٹیفائیڈ بنیادی غذائی اشیاء تک رسائی بڑھانے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

سینئر نیشنل پروگرام منیجر لارج سکیل فوڈ فورٹیفکیشن (ایل ایس ایف ایف) پاکستان ضمیرہ حیدر اور نیشنل پروگرام منیجر (ریگولیشن) ایل ایس ایف ایف پاکستان محمد سجاد بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ غذائیت کے شعبے میں بہتر نتائج کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان مضبوط رابطہ، پالیسیوں پر موثر عملدرآمد اور غذائی پروگراموں کا دائرہ کار وسیع کرنا ضروری ہے، بالخصوص دیہی اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والی کمزور آبادی کے لیے۔اجلاس کو نیوٹریشن انٹرنیشنل کی جانب سے بچوں کو وٹامن اے کی فراہمی، بچوں میں اسہال کے علاج کے لیے زنک اور اورل ری ہائیڈریشن سلوشن (او آر ایس)، مائوں اور نوعمروں کی غذائیت، آئرن اور فولک ایسڈ کی فراہمی اور نومولود بچوں کی نگہداشت کے حوالے سے تعاون پر بریفنگ دی گئی۔

ادارہ حاملہ خواتین کے لیے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی تجویز کردہ ملٹی پل مائیکرونیوٹرینٹ سپلیمنٹیشن کی جانب منتقلی میں بھی معاونت کر رہا ہے۔شرکا نے نمک، گندم کے آٹے اور خوردنی تیل/گھی کی بڑے پیمانے پر فورٹیفکیشن کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں اس امر کو اجاگر کیا گیا کہ فوڈ فورٹیفکیشن بڑے پیمانے پر آبادی تک ضروری غذائی اجزاء پہنچانے کا ایک موثر اور کم لاگت طریقہ ہے۔ نمک میں آئیوڈین اور خوردنی تیل کی فورٹیفکیشن کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کو سراہتے ہوئے باقی ماندہ خلا کو پر کرنے، معیار کی جانچ اور موثر نگرانی و عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

وفاقی وزیر نے نیوٹریشن انٹرنیشنل کی جانب سے مسلسل تکنیکی معاونت کو سراہتے ہوئے گندم کے آٹے کی فورٹیفکیشن کو مزید موثر بنانے بالخصوص صوبائی سطح پر متعلقہ قوانین اور ضوابط پر موثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ غذائیت کا تعلق براہ راست قومی غذائی تحفظ، انسانی وسائل کی ترقی اور ملکی معاشی پیداواری صلاحیت سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں، خواتین اور دیگر کمزور طبقات کو غذائی قلت اور مائیکرونیوٹرینٹس کی کمی سے محفوظ رکھنے کے لیے مربوط اور مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

اجلاس میں دالوں کی فورٹیفکیشن اور نمک کی ڈبل فورٹیفکیشن کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ اس امر پر زور دیا گیا کہ غذائیت سے متعلق اقدامات عوام کے لیے قابل رسائی اور قابل برداشت رہیں۔وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی شراکت داروں اور صوبائی حکام کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ غذائیت اور فوڈ فورٹیفکیشن کے اقدامات کو عوامی صحت اور غذائی تحفظ میں عملی اور نمایاں بہتری میں تبدیل کیا جا سکے۔