وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے قازقستان کے سفیر یرژان کستافین کی ملاقات

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے قازقستان کے سفیر یرژان کستافین نے ملاقات کی جس میں پاکستان-قازقستان ریلوے کنیکٹیوٹی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت ریلوے سے جاری ایک بیان کے مطابق ملاقات میں اعلیٰ سطحی مشاورت ہوئی جس میں ریجنل کنیکٹیوٹی اور ریلوے تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے پاکستان سے وسطی ایشیا تک ریلوے کنیکٹیوٹی کے منصوبوں اور …

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے قازقستان کے سفیر یرژان کستافین نے ملاقات کی جس میں پاکستان-قازقستان ریلوے کنیکٹیوٹی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت ریلوے سے جاری ایک بیان کے مطابق ملاقات میں اعلیٰ سطحی مشاورت ہوئی جس میں ریجنل کنیکٹیوٹی اور ریلوے تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے پاکستان سے وسطی ایشیا تک ریلوے کنیکٹیوٹی کے منصوبوں اور ان کے معاشی و تجارتی فوائد پر بھی گفتگو کی۔وزیراعظم کے ریجنل کنیکٹیوٹی وژن کے تحت اس منصوبے کو انتہائی اہم اور سٹریٹجک قرار دیا گیا ہے جو پورے خطے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔

وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کے ریلوے سیکٹر میں ایک تاریخی پیشرفت ہے اور خطے میں تجارت اور رابطوں کو نئی جہت فراہم کرے گا۔پاکستان سے قازقستان تک ریلوے کنیکٹیوٹی پر نمایاں پیشرفت، کراچی پورٹ سے قازقستان تک ریلوے کنیکٹیوٹی کا منصوبہ تیار ہے جو خطے میں تجارتی روابط کو فروغ دے گا اور پاکستان کو وسطی ایشیا سے براہ راست جوڑے گا۔ چمن کے راستے افغانستان، ترکمانستان اور قازقستان تک ریلوے نیٹ ورک کو جامع انداز میں مربوط کیا جائے گا۔

پاکستان-قازقستان ریلوے کنیکٹیوٹی منصوبہ 7 ارب ڈالر مالیت کا ہے جسے تین سال کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ پورے خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا اور پاکستان کی معیشت کے لیے سنگ میل کا کردار ادا کرے گا۔قازقستان کے صدر 3 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے اور اسی موقع پر باقاعدہ طور پر ایم او یو پر دستخط کیے جائیں گے جو دونوں ممالک کے درمیان ریلوے تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کی ریلوے انڈسٹری کے لیے اہم ہے بلکہ پورے خطے میں تجارتی روابط کو فروغ دینے اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔