اسلام آباد ۔ 24 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر سیفرون لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پاناما کیس کے حوالے سے جے آئی ٹی کے فیصلے کو بھی تسلیم کرے گی کیونکہ ہم عدالتوں کا احترام کرنے والے لوگ ہیں۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) …
وفاقی وزیر سیفرون لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت
اسلام آباد ۔ 24 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر سیفرون لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پاناما کیس کے حوالے سے جے آئی ٹی کے فیصلے کو بھی تسلیم کرے گی کیونکہ ہم عدالتوں کا احترام کرنے والے لوگ ہیں۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ریاست کے معاملات دیکھنے یا کام کرنے سے نہیں روکا۔ حکومت کے پاس ریاست کے معاملات کو دیکھنے کا مکمل اختیار موجود ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے معزز ججز نے معاملے کی مزید تحقیقات اور الزامات کو ثابت کرنے کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو ہمیں قبول ہے کیونکہ وزیراعظم محمد نواز شریف تو پہلے ہی اس معاملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کی پیشکش کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی عدالت عظمیٰ سے سرخرو ہوئے ہیں، جے آئی ٹی میں بھی پیش ہونگے اور ان کے تمام سوالوں کے جوابات دیں گے۔ عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کا جو بھی فیصلہ ہو گا اسے قبول کیا جائے گا۔









