وفاقی وزیر علی امین خان گنڈاپور کا ایل او سی پر بھارتی گولہ باری سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں سے متعلق بریفنگ کے دوران اظہار خیال

مظفر آباد ۔ 5 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ ایل او سی پر رہنے والے آزاد کشمیر کے رہائشیوں کےلئے5 ارب روپے کے تجویز کردہ پیکیج پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوںنے یہ بات مظفرآباد میں آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے ایل او سی پر بھارتی گولہ باری سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوںسے …

مظفر آباد ۔ 5 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ ایل او سی پر رہنے والے آزاد کشمیر کے رہائشیوں کےلئے5 ارب روپے کے تجویز کردہ پیکیج پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوںنے یہ بات مظفرآباد میں آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے ایل او سی پر بھارتی گولہ باری سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوںسے متعلق بریفنگ کے دوران کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں ایل او سی پر رہائش پذیر خاندانوں میں بے نظیر انکم سپور ٹ پروگرام کارڈ اور انصاف صحت کارڈز فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر صحت کے مراکز، سڑکوں کی تعمیر، بجلی کی فراہمی، بنکرز کی تعمیر اور ایمبولینسز کی فراہمی سے متعلق 5 ارب روپے کے پیکیج کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی کے غیور و بہادر عوام پچھلی سات دیہائیوں سے بھارت کی بلااشتعال فائرنگ اور جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں اور درحقیقت آزاد کشمیر اور پاکستان کی پہلی دفاعی لائن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کا فرض بنتا ہے کہ ہم ایل او سی پر رہنے والے عوام کی حفاظت اور اُن کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کےلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ایل او سی پر سکولوں کی تعمیر کےلئے بھی ترجیجی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پورے آزاد کشمیر میں تعلیم و صحت کی سہولیات کے حوالہ سے ڈیٹا ترتیب دیا جا رہا ہے اور اس شعبہ میں بھرپور کام کیا جائے گا کیونکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی حکومت پورے ملک میں تعلیم و صحت جیسے بنیادی سہولیات کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی حالت بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے اور آزاد کشمیر میں ترقیاتی کاموں کےلئے تمام تر وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد تا میر پور منگلا ایکسپریس وے کی تعمیر بی او ٹی بنیادوں پر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس میں جلد پیشرفت متوقع ہے۔ ایل او سی پر بھارتی گولہ باری سے متاثرین سے متعلق بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ ایل او سی متاثرین کو صحت سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائیں اور اُن کے نقصانات کا تمام تر ازالہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر کے مہاجرین جو آزاد کشمیر میں مقیم ہیں، کےلئے امدادی پیکیج بڑھانے کا عندیہ بھی دیا۔ بریفنگ میں انتظامیہ کی جانب سے وفاقی وزیر کو آزاد کشمیر میں بھارتی گولہ باری سے متاثر اضلاع اور دیہاتوں کے متعلق تفصیلاً آگاہ کیا گیا اور اب تک ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے ہدایات جاری کیں کہ ہمیں کسی قسم کی بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کےلئے ہر وقت تیار رہنا چاہئے اور ہماری تیاریوں میں کسی قسم کی کمی اورکوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح ہم سب نے مل کر بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا ایک بار پھر اظہار کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی تمام تر سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹری، آئی جی آزاد کشمیر کے علاوہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، تعلیم و صحت و دیگر اہم اداروں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ آخر میں آئی جی آزاد کشمیر نے وفاقی وزیر کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔

Leave a Reply