وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ سے چیلنج فیشن کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور چیلنج اسپیشل اکنامک زون پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ سے چیلنج فیشن کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور چیلنج اسپیشل اکنامک زون پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے چیلنج فیشن کے اعلیٰ سطحی وفد سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور چیلنج اسپیشل اکنامک زون (SEZ) پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ جمیل قریشی، ڈی جی محمود طفیل اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ ملاقات کے دوران سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی شعبے میں تعاون بڑھانے اور کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے چیلنج گروپ کی پاکستان میں سرمایہ کاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 150 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا جبکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیلنج اسپیشل اکنامک زون کی کامیابی دیگر چینی سرمایہ کاروں کے لیے بھی ایک مثال بنے گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

ملاقات میں ویتنام سمیت دیگر ممالک کے اسپیشل اکنامک زونز کے ماڈلز کا بھی جائزہ لیا گیا اور پاکستان میں مزید اصلاحات متعارف کرانے پر غور کیا گیا۔فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ چیلنج فیشن کے وفد نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری اور توسیعی منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر بورڈ آف انویسٹمنٹ نے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے عزم کو بھی دہرایا۔