وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے برطانوی ہائی کمیشن کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر سیم والڈاک نے ملاقات کی جس میں پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات، ادارہ جاتی اصلاحات اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبا ل سےبرطانوی ہائی کمیشن کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر کی ملاقات، ترقیاتی ترجیحات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے برطانوی ہائی کمیشن کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر سیم والڈاک نے ملاقات کی جس میں پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات، ادارہ جاتی اصلاحات اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے 18ویں آئینی ترمیم کے بعد مقامی طرز حکمرانی کو مزید مضبوط بنانے اور اضلاع کو وسائل اور اختیارات کی منتقلی میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے حکومت کے ’’اڑان پاکستان‘‘ پروگرام کے تحت فائیو ایز فریم ورک کو اجاگر کرتے ہوئے برطانیہ سے برآمدات، موسمیاتی لچک، انسانی ترقی اور سول سروس اصلاحات سے متعلق اقدامات میں تعاون جاری رکھنے کی درخواست کی۔
احسن اقبال نے آبادی کی منصوبہ بندی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ابتدائی بچپن کی نشوونما سے متعلق اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے غذائیت، صفائی ستھرائی اور صاف پینے کے پانی سے متعلق آگاہی مہمات کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔برطانوی ہائی کمیشن کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر سیم والڈاک نے پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات میں تعاون کے لئے برطانیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بالخصوص موسمیاتی لچک، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے مطابقت پیدا کرنے کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر آمادگی ظاہر کی۔









