وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال سے جائیکا کے صدر ڈاکٹر تناکا آکی ہیکو کی ملاقات، اڑان پاکستان کے فائیو ایز فریم ورک کے تحت ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال سے جائیکا کے صدر ڈاکٹر تناکا آکی ہیکو کی ملاقات، اڑان پاکستان کے فائیو ایز فریم ورک کے تحت ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر تناکا آکی ہیکو نے وزارت منصوبہ بندی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور جاپان کے درمیان ترقیاتی تعاون کو مزید فروغ دینے اور بنیادی ڈھانچے، انسانی وسائل کی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی، سیاحت اور پائیدار اقتصادی نمو سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے جائیکا کے صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے لیے جاپان کی سرکاری ترقیاتی معاونت کو سراہا اور بنیادی ڈھانچے، توانائی، آبی وسائل، صحت، تعلیم، زراعت اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبوں میں جائیکا کے مسلسل تعاون کو قابل قدر قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ جاپان کئی دہائیوں سے پاکستان کا ایک قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار ہے جس نے ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے وفد کو پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے دانشمندانہ معاشی پالیسیوں اور آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام کے ذریعے ملکی معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی قومی کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان معاشی مشکلات پر قابو پا چکا ہے اور اب پائیدار اقتصادی ترقی کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔احسن اقبال نے بتایا کہ حکومت کی اصلاحاتی پالیسیوں کے باعث گزشتہ تین برسوں کے دوران سرکاری محصولات میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مالیاتی نظم و ضبط، معاشی استحکام اور سرمایہ کاری پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔وفاقی وزیر نے وفد کو اڑان پاکستان اور اس کے فائیو ایز فریم ورک سے بھی آگاہ کیا جسے ملک کی درمیانی اور طویل المدتی ترقیاتی حکمت عملی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس کا محور برآمدات ، ای پاکستان، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی، توانائی و بنیادی ڈھانچہ اور مساوات و بااختیاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ برآمدات پر مبنی معیشت ہی پائیدار اقتصادی ترقی کی ضامن ہے، پاکستان کو ماضی میں کم برآمدات اور درآمدات پر انحصار کے باعث ساختی معاشی چیلنجز کا سامنا رہا تاہم حکومت جدید انفراسٹرکچر، علاقائی روابط اور صنعتی استعداد میں اضافے کے ذریعے برآمدات میں نمایاں اضافہ کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ معیشت کو مضبوط اور دیرپا بنیادیں فراہم کی جا سکیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً ساٹھ فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، فنی مہارت، جدید تربیت اور باعزت روزگار کی فراہمی جبکہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

دوطرفہ تعاون کے مزید فروغ کے حوالے سے احسن اقبال نے پاکستان۔جاپان گندھارا سیاحتی راہداری کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک صدیوں پر محیط تہذیبی اور ثقافتی روابط کے امین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندھارا تہذیب کا مشترکہ ورثہ مذہبی سیاحت، ثقافتی تبادلوں اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے بے پناہ امکانات رکھتا ہے۔وفاقی وزیر نے پاکستان کی جانب سے حال ہی میں پروڈکٹیویٹی، کوالٹی اینڈ انوویشن (پی کیو آئی) اقدام میں شمولیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ملکی صنعتی مسابقت بڑھانے اور برآمدات پر مبنی معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جائیکا، جاپان پروڈکٹیویٹی سینٹر (جے پی سی) کے اشتراک سے پاکستان میں پی کیو آئی اقدام کے موثر نفاذ اور توسیع کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کی بھی تجویز دی تاکہ قابل عمل مشترکہ منصوبوں کی نشاندہی اور ان پر پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر جائیکا کے صدر ڈاکٹر تناکا آکی ہیکو نے پاکستان کے ساتھ جاپان کے دیرینہ ترقیاتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال کو آئندہ تعاون کے فروغ کے لیے حوصلہ افزاء قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جائیکا اور وزارت منصوبہ بندی کے درمیان قریبی رابطہ کاری کے ذریعے اڑان پاکستان کے اہداف سے ہم آہنگ اعلیٰ اثرات کے حامل منصوبے تیار کیے جائیں، خصوصاً انسانی وسائل کی ترقی، بنیادی ڈھانچے، قدرتی آفات سے نمٹنے، تعلیم، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں، ڈیجیٹل تبدیلی، سیاحت، خصوصی اقتصادی زونز، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور پی کیو آئی اقدام کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے۔ انہوں نے تکنیکی ورکشاپس، جائیکا کے ٹوکیو ہیڈکوارٹر کے ساتھ باقاعدہ مشاورت اور مشترکہ رابطہ نظام کے قیام پر بھی اتفاق کیا تاکہ اڑان پاکستان کے فائیو ایز فریم ورک سے ہم آہنگ نئے منصوبوں کی نشاندہی اور ان پر تیز رفتار عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے، نئے شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے اور پائیدار، جامع اور دیرپا اقتصادی ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔