وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی مخدوم خسرو بختیارکا ٹڈی دل کے خاتمہ کے لئے اقدامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں اظہارخیال

اسلام آباد ۔ 2 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے صحرائی علاقوں میں ٹڈی دل پر قابو پانے کے لئے سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ زرعی دولت کو محفوظ بنایا جا سکے، وفاقی حکومت اس حوالے سے بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاﺅس میں ٹڈی …

اسلام آباد ۔ 2 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے صحرائی علاقوں میں ٹڈی دل پر قابو پانے کے لئے سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ زرعی دولت کو محفوظ بنایا جا سکے، وفاقی حکومت اس حوالے سے بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاﺅس میں ٹڈی دل کی نگرانی اور خاتمہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ٹڈی دل کے تدارک کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ متعلقہ اداروں کی طرف سے دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ (ایف اے او) کے تعاون سے ٹڈی دل کی نگرانی اور کنٹرول کے لئے بلوچستان، تھرپارکر، نارا اور چولستان کے صحرائی علاقوں میں مارچ 2019ءسے سرگرمیاں کامیابی سے جاری ہیں۔ اس وقت ٹڈی دل ساحلی علاقوں میں براستہ ایران داخل ہوئے تھے۔ ان کوششوں میں صوبائی محکمہ زراعت، ضلعی انتظامیہ اور دیگر تنظیمیں بھی تعاون کر رہی ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کنٹرول ٹیموں نے اب تک چھ لاکھ 59 ہزار 320 ہیکٹر اراضی کا سروے مکمل کر لیا ہے اور ایک لاکھ 61 ہزار 625 ہیکٹر رقبے میں سے چھ ہزار 200 ہیکٹرز رقبہ پر فضائی طریقوں سے ایک لاکھ 21 ہزار 565 لیٹر کیڑے مار ادویات کا سپرے کیا گیا ہے۔ سندھ میں ٹڈی دل کی موجودگی درحقیقت موسم گرما، مون سون افزائش زون سے بلوچستان کے ساحلی علاقوں کے موسم سرما، بہار افزائش زون کے علاقوں کی طرف ہجرت کی وجہ سے ہے۔ ٹڈی دل دن کے وقت اڑان بھرتی ہے اور رات بھر سوئی رہتی ہے۔ ایسی ہجرت عمومی طور پر خوراک کی تلاش میں نہیں ہوتی۔ پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ اس صورتحال کا قریب سے معائنہ کر رہا ہے۔ ہنگامی اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کی طرف سے ٹڈی دل کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی خسرو بختیار نے اس حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا اور وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ ٹڈی دل پر قابو پانے کے لئے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔ وفاقی وزیر نے گورنر سندھ سے بھی ٹڈی دل کے معاملے پر بات چیت کی۔ وفاقی وزیر نے فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ اور صوبائی محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ ٹڈی دل پر قابو پانے کے لئے کوششوں کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے سندھ میں تین طیارے تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ملک کے کاشتکاروں تحفظ فراہم کیا جا سکے اور ملک کی معیشت اور فوڈ سیکورٹی کو ہونے والے نقصانات سے بچا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کیڑے مار ادویات کی خریداری کے لئے ایک کروڑ روپے اور ہوا بازی کے لئے ایندھن فراہم کرنے کا وعدہ کیا تاکہ ٹڈی دل کی اس ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔