اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے ملاقات کی جس میں معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق ملاقات کے دوران ہائی کمشنر طارق علی خان نے کہا کہ ریکوڈک میں بیریک گولڈ کی کامیابی پاکستان اور کینیڈا کے مابین معدنی تعاون …
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے کینیڈا کے ہائی کمشنر کی ملاقات، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے ملاقات کی جس میں معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق ملاقات کے دوران ہائی کمشنر طارق علی خان نے کہا کہ ریکوڈک میں بیریک گولڈ کی کامیابی پاکستان اور کینیڈا کے مابین معدنی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے ایک مضبوط مثال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کینیڈا پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم (پی ایم آئی ایف) میں مزید کینیڈین کمپنیوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے فعال طور پر کام کر رہا ہے۔
بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے پر روشنی ڈالتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ نیٹ ورکس، مشترکہ اقدار اور مشترکہ مفادات پر مبنی بدلتے ہوئے کثیرالجہتی عالمی نظام میں پاکستان کے ساتھ روابط بڑھانے کی خواہش ہے۔ ہائی کمشنر نے مزید آگاہ کیا کہ کینیڈا کی وزارت قدرتی وسائل پاکستان کے ساتھ معدنی شعبے میں تعاون کے لیے تیار ہے۔ اپنے ذاتی تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے ریکوڈک سائٹ کا دورہ کیا ہے اور وہاں سکولوں، ہسپتالوں اور پانی صاف کرنے کے منصوبوں سمیت کمیونٹی کی بہتری کے عملی اقدامات دیکھ کر خوشی ہوئی۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے اس موقع پر کہا کہ ریکوڈک نے عالمی مالی معاونت حاصل کر لی ہے جو کسی بھی پاکستانی پروجیکٹ کے لیے سب سے بڑا فنڈنگ رائونڈ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان مزدوروں کی حفاظت اور ماحولیاتی، سماجی و گورننس معیارات کی اعلیٰ ترین سطح کو یقینی بنائے گی اور ایسے منصوبے پاکستان کے عوام کے طویل المدتی مفاد میں تیار کیے جا رہے ہیں۔ ہائی کمشنر طارق علی خان نے پاکستان کو مارچ 2026ء میں کینیڈا میں منعقد ہونے والے پی ڈی اے سی میں شرکت کی دعوت دی جو دنیا کا نمایاں ترین معدنی تلاش اور کان کنی کنونشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی اے سی پاکستان کے وسیع معدنی امکانات کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے اجاگر کرنے اور اس شعبے میں پاکستان اور کینیڈا کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ مزید برآں ہائی کمشنر نے بتایا کہ کینیڈا توانائی کے شعبے میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے پر بھی کام کر رہا ہے۔
اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ دانشمندانہ سرمائے اور تکنیکی مہارت میں تعاون سے پاکستان کے نظام مزید مضبوط ہوں گے اور بالخصوص بین الاقوامی کان کنی کمپنیوں کے درمیان سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور معدنیات و توانائی کے شعبوں میں تعاون کو پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کے ایک اہم ستون کے طور پر آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔








