وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور آسٹریلوی ہائی کمشنر کی الوداعی ملاقات، کان کنی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون پر خصوصی گفتگو

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے منگل کو یہاں سبکدوش ہونے والے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز سے الوداعی ملاقات کی۔ملاقات میں کان کنی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون پر خصوصی بات چیت ہوئی۔اس موقع پر وفاقی وزیرعلی پرویز ملک نے ہائی کمشنر نیل ہاکنز کو پاکستان کا ’’سچا دوست‘‘ قرار دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی خدمات …

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے منگل کو یہاں سبکدوش ہونے والے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز سے الوداعی ملاقات کی۔ملاقات میں کان کنی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون پر خصوصی بات چیت ہوئی۔اس موقع پر وفاقی وزیرعلی پرویز ملک نے ہائی کمشنر نیل ہاکنز کو پاکستان کا ’’سچا دوست‘‘ قرار دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔

وفاقی وزیر نے ان کے آئندہ کے سفر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان کی خوشگوار یادوں کے ساتھ رخصت ہوں گے۔ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے اس بات کا اعتراف کیا کہ آسٹریلوی کمپنیاں پاکستان کے معدنی وسائل میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔انہوں نے بلوچستان میں کام کرنے والے آسٹریلوی ذیلی ٹھیکیداروں کا ذکر کرتے ہوئے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی جانب سے اسٹریٹجک اہمیت کے حامل ریکو ڈک منصوبے میں آسٹریلیا کی معاونت کو بھی اجاگر کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر علی پرویزملک نے آسٹریلوی سرمایہ کاری اور مہارت کے لیے حکومت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی معدنی دولت صرف تانبے اور سونے تک محدود نہیں بلکہ اس میں نایاب ارضی دھاتوں کے وسیع ذخائر بھی شامل ہیں جو جدید ٹیکنالوجی اور عالمی توانائی کی منتقلی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ آسٹریلیا کان کنی کے شعبے میں عالمی رہنما ہے اور ان کی بڑھتی ہوئی دلچسپی پاکستان کے لیے نہایت حوصلہ افزا ہے، ہم بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور شراکت داری کو اپنے معدنی شعبے کی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت دیتے ہیں۔دونوں فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں پاکستان اور آسٹریلیا کے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔