اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد کچہری کے خودکش بم دھماکے کے زخمیوں کی پمز ہسپتال میں عیادت کی اور فرداً فرداً تمام زخمیوں کو فراہم کئے جانے والے علاج معالجے کی صورتحال کا جائزہ لیا اور زخمی افراد کو حوصلہ دیا ۔ اس موقع پر انہوں نے پمز ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام زخمیوں کوعلاج معالجے کی …
وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی پمز ہسپتال میں اسلام آباد کچہری خودکش دھماکے کے زخمیوں کی عیادت

مزید خبریں
اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد کچہری کے خودکش بم دھماکے کے زخمیوں کی پمز ہسپتال میں عیادت کی اور فرداً فرداً تمام زخمیوں کو فراہم کئے جانے والے علاج معالجے کی صورتحال کا جائزہ لیا اور زخمی افراد کو حوصلہ دیا ۔ اس موقع پر انہوں نے پمز ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام زخمیوں کوعلاج معالجے کی ہرممکن بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ بدھ کویہاں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزمیں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ د ہشت گرد ان کارروائیوں سے ہمارا حوصلہ پست نہیں کرسکتے، پمز ہسپتال میں زخمیوں کا علاج معالجہ جاری ہے ، ہمارے عوام نے موقع پر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی حفاظت پر مامور ایک ایک جوان اورایک ایک افسر اپنا کام کررہا ہے ، عوام کے جان ومال کا تحفظ کررہے ہیں اور دہشت گردوں کی کارروائیوں کو روکنے میں دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام بزدل دشمنوں کو یہ پیغام دیتا ہوں کہ اسلام آباد کا واقعہ اور وانا میں کیڈٹ کالج پر جو حملہ ہوا یہ ہمارے حوصلوں کو توڑ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وانا میں ہمارے تمام افسروں اور جوانوں نے جو کارکردگی دکھائی وہ مثالی ہے اور میں انہیں خراج تحسین پیش کرتاہوں کہ انہوں نے کیمپس میں موجود 550 بچوں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا، انہوں نے اپنی جان پر کھیل کر تمام بچوں کو ریسکیو کیا۔
انہوں نے کہا کہ 100کے قریب اساتذہ کا تحفظ بھی یقینی بنایا گیا اور سب کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں کہیں بھی اس طرح کے انتشار ہوتے ہیں وہاں پر بچوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے کی انتظامیہ ، وزیراعلیٰ اور بعض سیاستدان ہوش کے ناخن لیں ، اے پی ایس کے سانحہ کے بعد یہ ایک بہت بڑا واقعہ ہے، قوم جس طرح معرکہ حق میں متحد تھی آج بھی اسی طرح اتحاد کی ضرورت ہے، انشاء اللہ ہم پاکستان کے دشمنوں کو شکست فاش دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی قیادت میں ہمارے سکیورٹی کے افسر اور جوان اپنی جانوں پر کھیل کر جو کردار ادا کررہے ہیں وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وانا میں جن جوانوں نے جام شہادت نو ش کیا انہیں بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے لواحقین کے حوصلے بلند اور پرعزم ہیں ، وہ اپنے بہادر سپوتوں اور بچوں پر فخر کرتے ہیں کہ جنہوں نے وطن عزیز کے تحفظ کےلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں ، جب تک پاکستان میں وہ مائیں زندہ ہیں جو اس طرح کے بہادر بچوں کو جنم دیتی ہیں انشاء پاکستان قائم و دائم رہے گا ۔
انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ اسلام آباد کو محفوظ بنانے کےلئے جو بھی قدم اٹھانا پڑا اٹھائیں گے اور اپنے شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کےلئے ہرممکن کردار ادا کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور کوئی وطن نہیں ہوتا، ہم نے معرکہ حق میں جس دشمن کو بدترین شکست دی ہے وہ یہ کارروائیاں کررہا ہے اور دہشت گردوں کو اپنے مقاصد کےلئے استعمال کررہا ہے ۔








