وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایران اور امریکہ کے درمیان تاریخ ساز امن مذاکرات کے انعقاد پر وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایران اور امریکہ کے درمیان تاریخ ساز امن مذاکرات کے انعقاد پر وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وفاقی کابینہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان تاریخ ساز امن مذاکرات کے انعقاد پر وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دی ہے جنہوں نے اپنے معاونین کے ہمراہ انتھک لگن، محنت اور تدبر کے ساتھ دو متحارب فریقین کو اکٹھے بٹھاکر تقریباً نصف صدی پر محیط تعطل کا خاتمہ کیا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا۔ وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ میں خطے کی صورتحال اور پاکستان کی امن کیلئے کوششوں کے حوالے سے گفتگو کی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اتفاق رائے سے منظور کی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ رب ذوالجلال کے حضور سجدہ شکر ادا کرتی ہے کہ اس نے وطن عزیز پاکستان کو موقع دیا کہ وہ خطے اور دنیا میں قیام امن کیلئے مرکزی ادا کرے۔ ہم ایران اور امریکہ کے درمیان ان تاریخ ساز امن مذاکرات کے انعقاد پر وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے معاونین کے ہمراہ انتھک لگن، محنت اور تدبر کے ساتھ دو متحارب فریقین کو اکٹھے بٹھا دیا اور تقریباً نصف صدی پر محیط تعطل کا خاتمہ کیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ بالخصوص نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی شبانہ روز کوششوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جنہوں نے راتوں کو جاگ کر انتہائی احسن طریقے سے معاملات کو نبھایا۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی امن کے اس سفر میں انہیں کامیابیاں عطا فرمائے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بلاشبہ اقوام عالم کی تاریخ میں پاکستان کا یہ کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ہماری دعا ہے کہ پاکستانی قیادت کی یہ پر خلوص کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں اور دنیا میں قیام امن کا باعث بنیں۔








