لندن۔21مارچ (اے پی پی):آل انگلینڈ کلب نے اعلان کیا ہے کہ دنیا کے قدیم ترین گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں 2026 سے پہلی مرتبہ ویڈیو ریویو ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی۔ ای ایس پی این کے مطابق اس نئی سہولت کے تحت کھلاڑی امپائر کے بعض فیصلوں کو چیلنج کر سکیں گے۔اعلامیے کے مطابق ویڈیو ریویو سسٹم سنٹر کورٹ اور نمبر ون کورٹ سمیت مزید چار شو کورٹس …
ومبلڈن میں 2026 سے ویڈیو ریویو سسٹم متعارف کرانے کا اعلان
لندن۔21مارچ (اے پی پی):آل انگلینڈ کلب نے اعلان کیا ہے کہ دنیا کے قدیم ترین گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں 2026 سے پہلی مرتبہ ویڈیو ریویو ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی۔ ای ایس پی این کے مطابق اس نئی سہولت کے تحت کھلاڑی امپائر کے بعض فیصلوں کو چیلنج کر سکیں گے۔اعلامیے کے مطابق ویڈیو ریویو سسٹم سنٹر کورٹ اور نمبر ون کورٹ سمیت مزید چار شو کورٹس پر دستیاب ہوگا، جن میں نمبر 2 کورٹ، نمبر 3کورٹ، کورٹ 12اور کورٹ 18 شامل ہیں۔
البتہ ان میں سے بعض کورٹس پر یہ سہولت صرف سنگلز میچز کے دوران فراہم کی جائے گی۔کھلاڑیوں کو مخصوص فیصلوں، جیسے ڈبل باؤنس، پر ویڈیو ریویو لینے کی اجازت ہوگی اور اس کے لیے چیلنجز کی تعداد پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ یہ نظام الیکٹرانک لائن کالنگ سے الگ ہوگا، جو گیند کے اندر یا باہر ہونے کے فیصلے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ ویڈیو ریویو کا آغاز گرینڈ سلام سطح پر 2023 میں یو ایس اوپن میں کیا گیا تھا، جس کے بعد آسٹریلین اوپن میں بھی اس ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا۔گزشتہ سال ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں لائن ججز کی جگہ الیکٹرانک لائن کالنگ متعارف کرائی گئی تھی، تاہم ابتدائی مراحل میں اس نظام کو بعض مسائل کا سامنا بھی رہا۔









