ویمنز پارلیمنٹری کاکس کی سیکریٹری ڈاکٹر شاہدہ رحمانی کی ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر تعزیت

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):ویمنز پارلیمنٹری کاکس کی سیکریٹری ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ یہاں جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کہا کہ مرحومہ ڈاکٹر شمشاد اختر ایک ممتاز ماہر معاشیات اور ایک مثالی رہنماءتھیں جن کی پاکستان کی مالیاتی اور معاشی گورننس میں …

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):ویمنز پارلیمنٹری کاکس کی سیکریٹری ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

یہاں جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کہا کہ مرحومہ ڈاکٹر شمشاد اختر ایک ممتاز ماہر معاشیات اور ایک مثالی رہنماءتھیں جن کی پاکستان کی مالیاتی اور معاشی گورننس میں انمول خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی تاریخ میں سب سے نمایاں خواتین رہنماؤں میں سے ایک کے طور پر ڈاکٹر شمشاد اختر نے مشکل اوقات میں مالیاتی اور معاشی استحکام کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے مزید کہا کہ سابق وزیر خزانہ اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے طور پر ڈاکٹر شمشاد اختر کی قیادت نے پیشہ ورانہ مہارت، قابلیت اور لگن کا ایک معیار قائم کیا، جو خاص طور پر خواتین کو خزانہ، معاشیات اور پبلک پالیسی کے شعبوں میں کلیدی کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔

ویمنز پارلیمنٹری کاکس کی جانب سے ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے مرحومہ ڈاکٹر شمشاد اختر کے سوگوار خاندان، ساتھیوں اور مداحوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی صبر و حوصلہ عطا کرے۔