ویمن جیل ملتان میں قیدی خواتین اور بچوں کیلئے مفت میڈیکل کیمپ، 50 خواتین اور 4 بچوں کا طبی معائنہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے جیلوں کو حقیقی اصلاح گاہوں میں تبدیل کرنے کے وژن کے تحت ’’پنجاب جیل ریفارمز‘‘ پروگرام کے سلسلے میں ویمن جیل ملتان میں قیدی خواتین اور ان کے بچوں کے لیے مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا

ملتان۔ 06 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے جیلوں کو حقیقی اصلاح گاہوں میں تبدیل کرنے کے وژن کے تحت ’’پنجاب جیل ریفارمز‘‘ پروگرام کے سلسلے میں ویمن جیل ملتان میں قیدی خواتین اور ان کے بچوں کے لیے مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان ام فروہ ہمدانی کی نگرانی میں منعقدہ کیمپ میں 50 قیدی خواتین اور 4 بچوں کا طبی معائنہ کیا گیا۔میڈیکل کیمپ کے دوران خواتین اور بچوں کا بلڈ پریشر چیک کیا گیا، شوگر سکریننگ کی گئی اور ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق ضروری ادویات فراہم کی گئیں۔

قوتِ مدافعت بڑھانے اور متوازن غذا کے فروغ کے لیے تازہ موسمی پھل، بچوں میں جوس اور بسکٹ بھی تقسیم کیے گئے جبکہ ذاتی صفائی، متوازن خوراک اور صحت مند طرزِ زندگی سے متعلق آگاہی سیشن بھی منعقد کیا گیا۔اس موقع پر ویمن جیل ملتان کی سپرنٹنڈنٹ فریحہ اشرف، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان عبدالعزیز خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد اقبال سہو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر امتیاز فیروز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ویمن جیل صبا زہرا بھی موجود تھیں۔

مزید خبریں