سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں کا قصور میں پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس اسٹیشن کا افتتاح

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے قصور میں پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) کے نئے اسٹیشن کا افتتاح کر دیا

لاہور۔6جولائی (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے قصور میں پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) کے نئے اسٹیشن کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، سیکرٹری ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول مسعود مختیار، کمانڈر سی این ایف اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب کے بعد سپیکر پنجاب اسمبلی کو پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کی تنظیمی ساخت، قانونی اختیارات، جاری آپریشنز، جدید آلات، تربیتی نظام اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ فورس کی گزشتہ گیارہ ماہ کی آپریشنل کارکردگی پر مشتمل جامع رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کا قیام وزیراعلی کا ایک اہم اور دوراندیش اقدام ہے، جس کا مقصد صوبے سے منشیات کے ناسور کا خاتمہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید آلات اور آپریشنل استعداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورس بین الاقوامی معیار کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ پولیس، اینٹی نارکوٹکس فورس اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے صوبے میں منشیات فروش عناصر کے خلاف موثر کارروائیاں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کی نوعیت وقت کے ساتھ بدل رہی ہے، اس لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق خود کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ ملک محمد احمد خاں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔