وینزویلا میں حالیہ زلزلوں سے ریاست لا گویرا کے تمام سرکاری عہدیدار ہلاک ہو گئے، قائم مقام صدر

وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز نے کہا ہے کہ حالیہ خوفناک زلزلوں سے ملک کی سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست لا گویرا کے تمام سرکاری عہدیدار ہلاک ہو گئے ہیں

کراکس۔3جولائی (اے پی پی):وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز نے کہا ہے کہ حالیہ خوفناک زلزلوں سے ملک کی سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست لا گویرا کے تمام سرکاری عہدیدار ہلاک ہو گئے ہیں۔انہوں نے کاراکاس میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ پے درپے آنے والے دو شدید زلزلوں سے لا گویرا میں کئی ایجنسیوں کے سربراہان اور تقریباً تمام سرکاری عہدیدار مارے گئے۔ انہوں نے زلزلے سے نقصانات کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ زلزلے سے 855 سے زیادہ عمارتوں کو نقصان پہنچا جن میں سے 127 عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ 24 جون کو تقریباً 40 سیکنڈ کے وقفے سے آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے دو زلزلوں کے بعد 800 سے زیادہ آفٹر شاکس ریکارڈ کئے گئے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ان زلزلوں سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2,295 تک پہنچ چکی ہے۔