ٹارگٹڈ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے، حکومت ان منصوبوں کیلئے درکار وسائل فراہم کرے گی،وزیراعلی امجد حسین

ٹارگٹڈ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے، حکومت ان منصوبوں کیلئے درکار وسائل فراہم کرے گی،وزیراعلی امجد حسین

گلگت۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا ہے کہ ترقیاتی عمل میں اصلاحات کرکے اسے مزید بہتر اور تیز بنانے کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سیکریٹریز پر مشتمل ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے فورمز قائم کئے گئے ہیں، ترقیاتی عمل کو مزید موثر بنایا جائے اور وسائل کے درست، شفاف اور منصفانہ استعمال کو یقینی بنایا جائے،ٹارگٹڈ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے، حکومت ان منصوبوں کیلئے درکار وسائل فراہم کرے گی۔

محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پرانہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی پیڈ پورٹل سسٹم کو فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے درکار وسائل کی بروقت فراہمی ممکن ہو سکے،نئے ترقیاتی منصوبوں کے پی سی۔1 کی تیاری کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ ان منصوبوں پر بروقت کام کا آغاز ممکن ہو سکے، کھنر ویلی روڈ پر شفاف انداز میں کام شروع کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ دیامر میں کوئی بھی ویلی روڈ انجینئرنگ اسٹینڈرڈز کے مطابق نہیں ہے، اس لیے روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر اور جدید تقاضوں کے مطابق بنایا جائے، کام میں غفلت برتنے اور منصوبے بروقت مکمل نہ کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ان کا کہنا ہے کہ 24 انچ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ 20 سال سے نامکمل ہے اور اب اس کی ضرورت نہیں، منصوبے میں موجود پائپ کو ایک ماہ کے اندر نیلام کرکے حاصل ہونے والی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔

وزیراعلی نے کہا کہ چلاس میں 100 بیڈ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ 2007 سے اب تک نامکمل ہے، موجودہ منصوبے کو بند کیا جائے اور اگر اس کی ضرورت ہے تو نیا پی سی۔1 تیار کیا جائے، محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ اور محکمہ صحت باہمی رابطے سے اس منصوبے کی ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کریں۔انہوں نے کہا کہ غماری تا داریل روڈ کی میٹلنگ کا کام عرصہ دراز سے التوا کا شکار ہے، محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ جاری کام کو یقینی بنائے اور ٹھیکیدار کو ادا کی جانے والی رقم کے مطابق کام مکمل کرایا جائے،

نیاٹ ویلی روڈ کی میٹلنگ کا بقیہ کام بھی قوانین کے مطابق موجودہ ٹھیکیدار سے مکمل کرایا جائے،تتہ پانی متبادل روڈ کے لیے پل کی تنصیب سے متعلق منصوبے کی فورم سے جلد منظوری یقینی بنائی جائے، رائیکوٹ تا ڈرنگ داس روڈ کے منصوبے کا تھرڈ پارٹی اسٹیمنٹ کرایا جائے اور ورک ڈن کے مطابق منصوبے کو کلوز کیا جائے، جبکہ میٹلنگ کے لیے نیا پی سی۔1 تیار کیا جائے۔اضلاع میں موجود ہیوی مشینری کا پول بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیوی مشینری کا مؤثر اور بروقت استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ دیامر اور استور ریجن میں درپیش اسٹاف کی کمی کو بھی دور کیا جائے گا۔

مزید خبریں