ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز،پاکستان نے انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح اپنے نام کر لی

ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز،پاکستان نے انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح اپنے نام کر لی

راولپنڈی ۔20اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے ون ڈے ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح اپنے نام کر لی۔ 303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش بیٹنگ لائن پاکستانی باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 39ویں اوور میں 215 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ عرفات منہاس نے بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی تباہی مچاتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حسن نواز اور عرفات منہاس کی نصف سنچریوں نے پاکستان کی جیت کی بنیاد رکھی۔ عرفات منہاس کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ منگل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلی ہی گیند پر فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے گس ایٹکنسن کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ صائم ایوب 8 رنز بنا کر سونی بیکر کی گیند پر سیم کرن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا مجموعی اسکور 31 رنز تھا۔ اس موقع پر بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ بابر اعظم نے 34 رنز بنائے اور 86 کے مجموعی اسکور پر ول جیکس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ سلمان علی آغا 16 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر آؤٹ ہوئے، 133 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا جب سعد بیگ 35 رنز بنا کر گس ایٹکنسن کی گیند پر سیم کرن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس موقع پر حسن نواز نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 74 گیندوں پر 79 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

وہ 211 کے مجموعی اسکور پر جیمی اوورٹن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ عرفات منہاس نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 58 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف نے 26 گیندوں پر 39 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی 10 اور حارث رؤف 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ نسیم شاہ ایک رن بنا کر سونی بیکر کی گیند پر جیمی اوورٹن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہونے والے آخری بیٹر تھے۔ یوں پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے تین اور گس ایٹکنسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ول جیکس، عادل رشید، جیمی اوورٹن اور سیم کرن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کی ٹیم 303 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 215 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ انگلش ٹیم نے 91 رنز کا عمدہ آغاز کیا تاہم اس کے بعد وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور کوئی بھی بیٹر بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ ٹام بینٹن 57، بین ڈکٹ 45 اور جو روٹ 33 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ سیم کرن نے 27، جورڈن کاکس نے 18، ول جیکس نے 19، گس ایٹکنسن نے 7، ہیری بروک نے 5 اور جیمی اوورٹن نے ایک رن بنایا۔ عادل رشید کوئی رن نہ بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 40 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں جو ان کی کیریئر کی بہترین باؤلنگ ہے۔ حارث رؤف نے دو جبکہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔