ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے صوبے میں سڑکوں اور ٹریفک سگنلز پر ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والے پیشہ ور گداگروں کے خلاف بھرپور کارروائی کے احکامات جاری کر دیے۔
ٹریفک پولیس پنجاب کا پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈائون

مزید خبریں
لاہور۔9اگست (اے پی پی):ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے صوبے میں سڑکوں اور ٹریفک سگنلز پر ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والے پیشہ ور گداگروں کے خلاف بھرپور کارروائی کے احکامات جاری کر دیے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں پیشہ ور گداگری کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ ا ن کا کہنا تھا کہ سڑکوں اور سگنلز پر گداگروں کی موجودگی سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ محمد وقاص نذیر نے لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے گداگروں کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بحالی مراکز اور فلاحی اداروں کے تعاون سے گداگروں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کی کوششیں قابلِ تقلید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں گداگروں کی بحالی کے لیے جاری پائلٹ پراجیکٹ دیگر اضلاع کے لیے بہترین مثال ہے، تمام اضلاع لاہور ٹریفک پولیس کے بحالی ماڈل کو اپناتے ہوئے عملی اقدامات کریں۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ مستحق افراد کو صرف سڑکوں سے ہٹانا مسئلے کا مستقل حل نہیں بلکہ انہیں ہنر اور روزگار فراہم کرنا پائیدار حل ہے، اس مقصد کے لیے ضلعی پولیس، انتظامیہ، بحالی مراکز اور فلاحی اداروں کے باہمی تعاون سے اقدامات کیے جائیں۔ محمد وقاص نذیر نے کہا کہ پیشہ ور گداگری سے پاک پنجاب کے لیے تمام اضلاع اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور ٹریفک کی روانی کے ساتھ ساتھ مستحق افراد کی بحالی کو بھی یقینی بنایا جائے۔







