پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ رواں سال اکتوبر میں لاہور میں منعقد ہونے والی 42ویں عالمی نمائش میں مختلف ممالک سے 80 سے زائد غیر ملکی وفود کی شرکت کا امکان ہے ،عالمی ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے،وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی رہنمائی میں عالمی نمائش کو کامیاب بنانے کے …
42ویں عالمی نمائش میں 80 سے زائد غیر ملکی وفود کی شرکت متوقع ، یہ برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کرے گی، کارپٹ ایسوسی ایشن

مزید خبریں
اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ رواں سال اکتوبر میں لاہور میں منعقد ہونے والی 42ویں عالمی نمائش میں مختلف ممالک سے 80 سے زائد غیر ملکی وفود کی شرکت کا امکان ہے ،عالمی ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے،وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی رہنمائی میں عالمی نمائش کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور تیاریاں جاری ہیں ۔
پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس چیئرمین میاں عتیق الرحمن اور چیئرمین ایگزیبیشن ریاض احمد کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک، چیئرپرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمن، سینئر ممبر عثمان اشرف، سعید خان اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں عالمی نمائش کی تیاریوں ، غیر ملکی خریداروں سے موثر رابطوں ، پاکستان آمد پر ان کی سکیورٹی ، تشہیراور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلا س کے شرکا ء کو بتایا گیا کہ دنیا کے مختلف ممالک سے 80 سے زائد معروف درآمد کنندگان کی پاکستان آمد کا امکان ہے جس سے پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی منڈیوں تک رسائی مزید مستحکم ہوگی۔اجلاس میں نمائش کی کامیابی کے لیے جامع حکمت عملی کے نکات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف افراد کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں ۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ غیر ملکی خریداروں اور پاکستانی مینو فیکچررز و برآمد کنندگان کے درمیان سائیڈ لائن پر خصوصی بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ نئے تجارتی معاہدوں، مشترکہ منصوبوں اور برآمدی مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔ اس کے علاوہ غیر ملکی خریداروں سے جدید رجحانات، عالمی مارکیٹ کی ضروریات اور مستقبل کی مصنوعات کے حوالے سے ان کے خیالات اور تجاویز بھی حاصل کی جائیں گی تاکہ صنعت کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمن اور چیئرمین ایگزیبیشن ریاض احمد نے وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی نمائش کے انعقاد اور برآمدات کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کی معاونت سے پاکستان کی قالینوں کی صنعت کو عالمی سطح پر مزید مضبوط شناخت مل رہی ہے۔ قوی امید ہے کہ یہ نمائش ماضی کی نسبت زیادہ کامیاب ثابت ہوگی اور ملکی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کرے گی۔میاں عتیق الرحمن اور ریاض احمد نے کہا کہ یہ بین الاقوامی نمائش پاکستان کی قالینوں کی صنعت کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگی جس کے ذریعے نہ صرف ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کی روایتی ہنرمندی، ثقافت اور اعلی معیار کی مصنوعات کو عالمی منڈی میں مزید موثر انداز سے متعارف کرانے کا بہترین موقع بھی میسر آئے گا۔







