ٹریک ٹو کی بات تب ہو گی جب حکومت ٹریک ون سے ہٹے گی، ہمارا موقف بالکل واضح ہے،وفاقی وزیر برائے آبی وسائل

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ٹریک ٹو کی بات تب ہو گی جب حکومت ٹریک ون سے ہٹے گی، ہمارا موقف بالکل واضح ہے، اگر اپوزیشن رہنمائوں نے استعفے دینے ہیں تو کل ہی دیں، ہم منظور کریں گے، اپوزیشن نہ خود خوار ہو اور نہ ہی عوام کو خوار کرے، استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم میں شامل …

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ٹریک ٹو کی بات تب ہو گی جب حکومت ٹریک ون سے ہٹے گی، ہمارا موقف بالکل واضح ہے، اگر اپوزیشن رہنمائوں نے استعفے دینے ہیں تو کل ہی دیں، ہم منظور کریں گے، اپوزیشن نہ خود خوار ہو اور نہ ہی عوام کو خوار کرے، استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں میں اتفاق رائے نہیں ہے، ایک طرف یہ استعفے دینے کی بات کرتے ہیں دوسری طرف ضمنی الیکشن لڑنے کی بات کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے ارکان کے مطابق وہ لوگ الیکشن جیتنے کے بعد اپنے استعفے پارٹی قائدین کو جمع کرا دیتے ہیں، میرے نزدیک یہ جمہوریت نہیں بلکہ غلامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اختلافات کا شکار ہو چکی ہیں، استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں میں اتفاق رائے نہیں ہے، پیپلز پارٹی ایک جانب کہتی ہے کہ استعفے دیں گے دوسری جانب ضمنی الیکشن لڑنے کی بات کرتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک کا مقصد این آر او حاصل کرنا ہے، وزیراعظم عمران خان واضح کہہ چکے ہیں کہ کچھ بھی ہو جائے ملک کو لوٹنے والوں کو این آر او نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنمائوں کا کہنا ہے کہ حکومتی وزیر ان کی لیڈرشپ کے خلاف غیر پارلیمانی زبان استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا یہ پارلیمانی زبان ہے جب سابق وزیراعظم نواز شریف اداروں کے خلاف بیان بازی کر رہے تھے اور مختلف لوگوں اور ججوں کے نام لے کر ان کی تذلیل کر رہے تھے؟، مریم نواز قومی اداروں کے خلاف جو زبان استعمال کرتی ہیں کیا وہ پارلیمانی زبان ہے؟، کیا جمہوریت یہ ہے کہ جب نیب بلائے تو سوالوں کا جواب نہ دیا جائے؟، کیا یہ پارلیمانی رویہ ہے کہ جب مریم نواز کو نیب نے بلایا تو پتھر برسائے گئے؟۔ ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا نے کہا کہ ٹریک ٹو کی بات تب ہو گئی جب حکومت ٹریک ون سے ہٹے گی، ہمارا موقف بالکل واضح ہے، اپوزیشن نے جو کہا وہ کر کے دکھائے، اگر اپوزیشن رہنمائوں نے استعفے دینے ہیں تو کل ہی دیں، ہم منظور کریں گے، اپوزیشن نہ خود خوار ہو اور نہ ہی عوام کو خوار کرے۔