اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):ٹور آف اسلام آباد 2025 کا ساتواں ایڈیشن اتوار کو ایک شاندار روڈ ریس کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا جس میں پاکستان کے بہترین سائیکلسٹوں نے اپنی ہمت اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔ رات بھر ہونے والی بارش اور فیصل ہلز کے دلکش منظر نے ریس کے آخری مرحلے کو مزید پر اثر بنا دیا۔ سڑکوں کی صورتحال کے پیش نظر ایلیٹ مردوں کے لیے …
ٹور آف اسلام آباد 2025 کا ساتواں ایڈیشن اختتام پذیر

مزید خبریں
اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):ٹور آف اسلام آباد 2025 کا ساتواں ایڈیشن اتوار کو ایک شاندار روڈ ریس کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا جس میں پاکستان کے بہترین سائیکلسٹوں نے اپنی ہمت اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔ رات بھر ہونے والی بارش اور فیصل ہلز کے دلکش منظر نے ریس کے آخری مرحلے کو مزید پر اثر بنا دیا۔ سڑکوں کی صورتحال کے پیش نظر ایلیٹ مردوں کے لیے فاصلہ 126 کلومیٹر، ماسٹرز (40-49) کے لیے 90 کلومیٹر، جبکہ ماسٹرز (50 پلس) اور خواتین کے لیے 75 کلومیٹر رکھا گیا تھا۔
ایلیٹ مردوں کے کیٹیگری میں اتوار کے روز مقابلے میں ایس ایس جی سی کے عبدالرزاق نے فنش لائن سے 20 کلومیٹر پہلے ایک جرات مندانہ حملہ کیا، لیکن ٹور میں مجموعی برتری رکھنے والے ایس ایس جی سی ریڈ کے فرمان محمد نے اپنی پوزیشن کا بھرپور دفاع کیا۔
ریس کا اختتام تین کھلاڑیوں کے درمیان ایک دلچسپ سپرنٹ پر ہوا، جہاں عبدالرزاق نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ فرمان محمد نے دوسری پوزیشن حاصل کر کے ٹور آف اسلام آباد 2025 کے مجموعی فاتح ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔خواتین کے مقابلوں میں ایس ایس جی سی کی مرینہ نے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ماسٹرز 40-49 میں ایس ایس جی سی کے وزیر احمد اور ماسٹرز 50 پلس میں اسلام آباد کے رضوان اللہ نذیر اپنی اپنی کیٹیگریز کے مجموعی فاتح قرار پائے۔
اسلام آباد سائیکلنگ ایسوسی ایشن نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر تمام شرکاء کو مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ ٹور ملک میں سائیکلنگ کے فروغ اور اسلام آباد کی خوبصورتی کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔








