ٹی ٹونٹی کرکٹ کی رفتار کے ساتھ ہم کچھ سست رہے، سٹیفن فلیمنگ

ابوظہبی۔17دسمبر (اے پی پی):انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی 5 بار کی چیمپئن چنائی سپر کنگز (سی ایس کے)نے طویل عرصے تک تجربہ کار کھلاڑیوں پر انحصار کی پالیسی کے بعد اب مستقبل کی جانب واضح قدم بڑھا دیا ہے۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق سی ایس کے کے ہیڈ کوچ سٹیفن فلیمنگ نے اعتراف کیا ہے کہ ٹیم ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تیز رفتار ارتقا کے ساتھ چلنے میں …

ابوظہبی۔17دسمبر (اے پی پی):انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی 5 بار کی چیمپئن چنائی سپر کنگز (سی ایس کے)نے طویل عرصے تک تجربہ کار کھلاڑیوں پر انحصار کی پالیسی کے بعد اب مستقبل کی جانب واضح قدم بڑھا دیا ہے۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق سی ایس کے کے ہیڈ کوچ سٹیفن فلیمنگ نے اعتراف کیا ہے کہ ٹیم ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تیز رفتار ارتقا کے ساتھ چلنے میں تھوڑی سست رہی ہے۔ ابوظہبی میں ہونے والی آئی پی ایل 2026 پلیئر نیلامی میں چنائی سپر کنگز نے دو غیر کیپ یافتہ نوجوان کھلاڑیوں، 20 سالہ پرشانت ویر اور 19 سالہ کارتک شرما کو ریکارڈ 14.2 کروڑ روپے فی کھلاڑی کے عوض خرید کر سب کو حیران کر دیا۔

دونوں پر مجموعی طور پر 28.4 کروڑ روپے خرچ کیے گئے، جو کلب کی پالیسی میں بڑی تبدیلی کی علامت ہے۔چنائی سپر کنگز ماضی میں تجربہ کار کھلاڑیوں پر اعتماد کے باعث ڈیڈز آرمی(Dad’s Army) کے لقب سے بھی جانی جاتی رہی ہے، تاہم فلیمنگ کے مطابق یہ تبدیلی آئی پی ایل 2025 کے دوران ہی شروع ہو گئی تھی، جب ڈوالڈ بریوس اور غیر کیپ یافتہ بیٹرز آیوش مہاترے اور اروِل پٹیل کو بطور متبادل شامل کیا گیا۔ ان نوجوانوں نے ٹیم کے سست ٹاپ آرڈر میں نئی جان ڈال دی۔اگرچہ سی ایس کے 2025 کے ایدیشن میں آخری نمبر پر رہی، لیکن فلیمنگ کے مطابق اسی مایوس کن سیزن نے ٹیم کی سوچ بدل دی ہے۔جیسے جیسے کھیل آگے بڑھا، ہم اس کے ساتھ اتنی تیزی سے نہیں بدل سکے۔

گزشتہ سیزن کے وسط میں ہمیں احساس ہوا کہ ہمیں اپنی سوچ اور حکمت عملی تبدیل کرنا ہو گی ۔انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو ٹی ٹونٹی بیبیزقرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ نسل ہے جو شروع سے ہی ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیلتے ہوئے پروان چڑھی ہے، اس لیے ان کے کھیل میں خوف نہیں بلکہ بے خوفی اور آزادی نظر آتی ہے۔فلیمنگ نے کہا کہ یہ نوجوان صرف ایک ہی انداز جانتے ہیں، اور وہ ہے تیز اور جارحانہ کھیل۔

تجربہ کار کھلاڑی کبھی کبھی خود کو حالات میں الجھا لیتے ہیں، جبکہ یہ نوجوان بغیر کسی جھجک کے اپنی صلاحیتیں دکھاتے ہیں۔چنائی سپر کنگز کی یہ تبدیلی صرف نیلامی تک محدود نہیں رہی۔ چنائی سپر کنگز اب قلیل مدتی نہیں بلکہ آئندہ چھ برسوں کو مدنظر رکھ کر ٹیم کی تشکیل کر رہی ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ فرنچائز نے ماضی سے ہٹ کر مستقبل کی طرف فیصلہ کن رخ اختیار کر لیا ہے۔