پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ٹرافی 2026 گریڈ ون کا بہاولپور میں آغاز ہوگیا ہے۔ترجمان کے مطابق افتتاحی روز کھیلے گئے چار میچوں میں لاہور، آزاد جموں و کشمیر، پشاور اور اسلام آباد کی ٹیموں نے شاندار کامیابیاں حاصل کرلیں۔ڈیرہ بکھا کرکٹ گرائونڈ بہاولپور میں کھیلے گئے پہلے میچ میں لاہور بلائنڈ نے میزبان بہاولپور بلائنڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ٹرافی گریڈ ون کا بہاولپور میں آغاز

مزید خبریں
لاہور۔22اکتوبر (اے پی پی):پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ٹرافی 2026 گریڈ ون کا بہاولپور میں آغاز ہوگیا ہے۔ترجمان کے مطابق افتتاحی روز کھیلے گئے چار میچوں میں لاہور، آزاد جموں و کشمیر، پشاور اور اسلام آباد کی ٹیموں نے شاندار کامیابیاں حاصل کرلیں۔ڈیرہ بکھا کرکٹ گرائونڈ بہاولپور میں کھیلے گئے پہلے میچ میں لاہور بلائنڈ نے میزبان بہاولپور بلائنڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بہاولپور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے، محمد راشد نے 56، ظفر اقبال نے 38 اور بابر علی نے ناقابل شکست 26 رنز اسکور کیے، لاہور کی جانب سے سنول شہزادہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں لاہور نے بدر منیر اور سنول شہزادہ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 16 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 182 رنز بنا کر کامیابی حاصل کرلی۔ بدر منیر نے50 گیندوں پر ناقابل شکست88 رنز بنائے جبکہ سنول شہزادہ نے60 رنز کی اننگز کھیلی، بدر منیر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ڈرنگ کرکٹ سٹیڈیم بہاولپور میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں آزاد جموں و کشمیر کی ٹیم نے ملتان کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ ملتان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے، ایم صفدر نے 56 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔
آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے نثار علی اور ایم ادریس سلیم نے عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کیا۔ جواب میں آزاد جموں و کشمیر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 15 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا،کامران اختر نے 56 اور طلحہ اقبال نے صرف 18 گیندوں پر ناقابل شکست 43 رنز اسکور کیے۔ طلحہ اقبال کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ترجمان کے مطابق ڈیرا بکھا کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں پشاور بلائنڈ نے اوکاڑہ بلائنڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر یکطرفہ کامیابی حاصل کی۔ اوکاڑہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے، فسی اللہ نے 32، عمر دراز نے47 اور افتخار حسین نے ناقابل شکست 28 رنز بنائے، پشاور کی جانب سے اشتیا ق نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پشاور کے اوپنرز ہارون خان اور نعیم اللہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے 158 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلادی۔
ہارون خان نے67 اورنعیم اللہ نے ناقابل شکست 69 رنز اسکور کیے، نعیم اللہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ڈرنگ کرکٹ سٹیڈیم بہاولپور میں کھیلے گئے چوتھے میچ میں اسلام آباد بلائنڈ نے کوئٹہ بلائنڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔ نیامت اللہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 62 گیندوں پر 107 رنز کی سنچری سکور کی،اسلام آباد کی جانب سے محمد شاہد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں اسلام آباد نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 17.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنا کر کامیابی حاصل کرلی۔ انیس جاوید نے 52 گیندوں پر 94 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ متی اللہ نے ناقابل شکست 38 رنز بنا کر ٹیم کی فتح یقینی بنائی۔ انیس جاوید کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کل بہاولپور میں منعقد ہوگی، جس میں ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا مہمان خصوصی اور ٹرافی کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔







