خرم شہزاد اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):پارلیمنٹ (مجلسِ شوریٰ) کا مشترکہ اجلاس کل(جمعہ )23 جنوری کی صبح 11:00 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کے لیے جاری کردہ سات نکاتی ایجنڈے میں اہم قانون سازی اور انسانی حقوق سے متعلق بلز منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق (ترمیمی) بل 2025 پیش کریں گے۔ یہ …
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل(جمعہ) ہوگا: انسانی حقوق، دانش اسکولز اور گھریلو تشدد کی روک تھام سمیت اہم بلز ایجنڈے میں شامل

مزید خبریں
خرم شہزاد
اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):پارلیمنٹ (مجلسِ شوریٰ) کا مشترکہ اجلاس کل(جمعہ )23 جنوری کی صبح 11:00 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کے لیے جاری کردہ سات نکاتی ایجنڈے میں اہم قانون سازی اور انسانی حقوق سے متعلق بلز منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق (ترمیمی) بل 2025 پیش کریں گے۔ یہ بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظوری کے بعد صدر مملکت کی جانب سے واپس بھیجا گیا تھا، جس پر اب آئین کے آرٹیکل 75 (2) کے تحت مشترکہ اجلاس میں غور کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی دانش اسکولوں کے قیام اور انتظام سے متعلق ‘دی دانش اسکولز اتھارٹی بل 2025’ پیش کریں گے۔
سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظور شدہ اس بل پر بھی صدارتی واپسی کے بعد دوبارہ غور اور منظوری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ ڈاکٹر شرمیلا فاروقی خواتین، مردوں، بچوں اور خواجہ سراؤں سمیت کمزور افراد کو گھریلو تشدد سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے ‘دی ڈومیسٹک وائلنس (پریوینشن اینڈ پروٹیکشن) بل 2025’ پیش کریں گی۔ اس بل کا مقصد گھریلو تشدد کے خلاف ریلیف اور بحالی کا موثر نظام قائم کرنا ہے۔ اجلاس کی کارروائی کا آغاز تلاوتِ کلام پاک، حدیثِ مبارکہ، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور قومی ترانے سے کیا جائے گا۔ قائم مقام سیکرٹری سعید احمد میتلا کی جانب سے جاری کردہ اس ایجنڈے کے مطابق تمام بلز پر ترامیم کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔








