پالیسی میں تسلسل اور اصلاحات کا واضح روڈ میپ پاکستان کی معاشی حکمت عملی کے بنیادی ستون ہیں، وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی ڈیووس میں ویزاکے گروپ صدرسے ملاقات میں گفتگو

ڈیووس ۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پالیسی میں تسلسل اور اصلاحات کا واضح روڈ میپ پاکستان کی معاشی حکمت عملی کے بنیادی ستون ہیں،حکومت ڈیجیٹ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے فعال طور پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے بات ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ادائیگیوں کی بین الاقوامی کمپنی ویزا کے گروپ صدر اولیور جینکن سے ملاقات …

ڈیووس ۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پالیسی میں تسلسل اور اصلاحات کا واضح روڈ میپ پاکستان کی معاشی حکمت عملی کے بنیادی ستون ہیں،حکومت ڈیجیٹ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے فعال طور پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے بات ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ادائیگیوں کی بین الاقوامی کمپنی ویزا کے گروپ صدر اولیور جینکن سے ملاقات میں کہی،ملاقات میں ڈیجیٹل ادائیگیوں، مالیاتی جدت اور پاکستان کی ایک جدید، ڈیجیٹل طور پر بااختیار معیشت کی جانب منتقلی میں تعاون کو مضبوط بنانے کاجائزہ لیاگیا، فریقین نے پاکستان کے بدلتے ہوئے معاشی منظرنامے اور عالمی ادائیگی نیٹ ورکس کے ساتھ جاری روابط پر تبادلہ خیال کیا۔

اولیور جینکن نے پاکستان کے لیے ویزا کے طویل المدتی عزم کی توثیق کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کمپنی جدت، محفوظ ادائیگی کے حل اور علم کی منتقلی کے ذریعے ملک کے اگلے مرحلے کی ترقی میں معاونت کے لیے بھرپور دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب عالمی رجحان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پالیسی میں وضاحت، کشادگی اور سازگار ماحول کی موجودگی نہایت اہم ہے تاکہ بین الاقوامی شراکت دار بڑے پیمانے پر جدت کو مارکیٹ تک پہنچا سکیں۔

وزیرخزانہ نے ویزا کی مسلسل شمولیت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پالیسی میں تسلسل اور اصلاحات کا واضح روڈ میپ پاکستان کی معاشی حکمتِ عملی کے بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ڈیجیٹل ایکوسسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے فعال طور پر کام کر رہی ہے جس میں رابطہ کاری ، مالیاتی بنیادی ڈھانچہ اور ریگولیٹری فریم ورک میں بہتری شامل ہے تاکہ جدت اور نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔

وزیرِ خزانہ نے اس امر پر زور دیا کہ عالمی ادائیگی نیٹ ورکس اور مقامی حل کے درمیان تعاون مالی شمولیت اور ڈیجیٹل اڈاپٹیشن کے عمل کو تیز کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ وزیرِ خزانہ نے معیشت میں شفافیت کے فروغ، دستاویزی عمل اور مختلف شعبوں میں ڈیجیٹائزیشن کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں پربھی روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ اصلاحات قابلِ اعتماد عالمی شراکت داروں کے لیے بامعنی کردار ادا کرنے کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مخصوص ڈیجیٹل اور ریگولیٹری اداروں کا قیام حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کو ایک “ڈیجیٹل نیشن” کے طور پر پیش کیا جائے، جو جدت کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام کا تحفظ بھی کر سکے۔اولیور جینکن نے اس بات پر زور دیا کہ ویزا جیسے عالمی پلیٹ فارمز سکیورٹی کے اعلیٰ معیارات، مضبوطی (ریزیلینس) اور حل کو تیزی سے وسیع پیمانے پر نافذ کرنے کی صلاحیت کے ذریعے نمایاں قدر فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے حکومتوں، ریگولیٹرز اور نجی شعبے کے شراکت داروں کے درمیان متوازن اور صحت مندانہ تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ مالیاتی ٹیکنالوجیز کے ارتقا کے ساتھ ویزا عالمی نقطہ نظر اور بہترین عملی تجربات شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت میں اضافہ اور سرحد پار سرگرمیوں کے فروغ سے پاکستان میں بین الاقوامی ادائیگیوں کے حل کے پھیلاو کو مزید تقویت ملے گی۔

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عالمی اور مقامی سطح پر ڈیجیٹل فنانس کے مسلسل ارتقا کے تناظر میں قریبی رابطہ برقرار رکھنا نہایت اہم ہے، اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مسلسل تعاون آئندہ برسوں میں عملی اور مارکیٹ کے لیے تیار حل سامنے لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اولیورجینکن نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے تسلسل کے لیے ویزا کے عزم کا اعادہ کیا اور کمپنی کو متعلقہ پالیسی اور اصلاحاتی اقدامات میں ایک قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر شامل کرنے کی درخواست کی۔