پاکستان کے پہلے خودمختار آر ایم بی پانڈا بانڈز کو عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے،
پانڈا بانڈز کی ریکارڈ اوور سبسکرپشن، پاکستان پر عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا اظہار

مزید خبریں
بیجنگ۔20مئی (اے پی پی):پاکستان کے پہلے خودمختار آر ایم بی پانڈا بانڈز کو عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے، جہاں 1.75 ارب یوآن کے اجرا کے مقابلے میں سبسکرپشنز 8.8 ارب یوآن سے تجاوز کر گئیں، یعنی طلب اجرا کے حجم سے پانچ گنا زیادہ رہی۔چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے چین کی انٹربینک بانڈ مارکیٹ میں 2.5 فیصد کم ترین شرح سود پر کامیاب پانڈا بانڈ جاری کیا، جو حالیہ برسوں میں پاکستان کی بیرونی خودمختار فنانسنگ لاگت کی کم ترین سطح قرار دی جا رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق اس بانڈ کی مشترکہ ضمانت ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک اور اے ڈی بی نے دی ہے، جبکہ حاصل ہونے والے فنڈز صاف توانائی، بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔تجزیہ کاروں کے مطابق پانڈا بانڈز کی غیر معمولی اوور سبسکرپشن پاکستان کی معاشی اصلاحات، مالیاتی استحکام اور مستقبل کی ترقی پر عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان طویل عرصے سے ترقیاتی فنڈز کے لیے امریکی ڈالر پر انحصار کرتا رہا، جس کے باعث مالیاتی لاگت اور عالمی مالیاتی دباؤ میں اضافہ ہوتا رہا، تاہم آر ایم بی فنانسنگ سے قرضوں کے ڈھانچے میں بہتری اور مالیاتی ذرائع میں تنوع پیدا ہوگا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دو بڑے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی مشترکہ گارنٹی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا، جبکہ سی پیک کے تحت جاری تعاون نے بھی مارکیٹ کو مثبت اشارہ دیا۔ماہرین کے مطابق پانڈا بانڈز کا کامیاب اجرا نہ صرف پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی تعاون کو مضبوط بنائے گا بلکہ بی آ ر آ ئی کے تحت علاقائی رابطہ کاری اور ترقیاتی شراکت داری کو بھی نئی تقویت فراہم کرے گا۔چینی مبصرین کا کہنا ہے کہ موجودہ عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال میں آر ایم بی بانڈز کی بڑھتی مقبولیت چینی کرنسی کی بین الاقوامی سطح پر قبولیت اور آر ایم بی کی انٹرنیشنلائزیشن کا اہم مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پانڈا بانڈز کی کامیابی ترقی پذیر ممالک کے لیے چین کی کیپٹل مارکیٹ تک رسائی کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔








