کولمبو۔16فروری (اے پی پی):بھارت کے خلاف 61 رنز سے شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے تفصیلی پریس کانفرنس میں شکست کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاور پلے میں وکٹیں گرنے سے میچ ہاتھ سے نکل گیا اور بیٹرز صورت حال کے مطابق کھیل پیش نہ کر سکے۔انہوں نے کہا کہ 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آغاز سے ہی دباؤ بڑھ …
پاور پلے میں وکٹیں گرنے سے میچ ہاتھ سے نکل گیا ،سلمان علی آغا

مزید خبریں
کولمبو۔16فروری (اے پی پی):بھارت کے خلاف 61 رنز سے شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے تفصیلی پریس کانفرنس میں شکست کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاور پلے میں وکٹیں گرنے سے میچ ہاتھ سے نکل گیا اور بیٹرز صورت حال کے مطابق کھیل پیش نہ کر سکے۔انہوں نے کہا کہ 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آغاز سے ہی دباؤ بڑھ گیا کیونکہ ابتدائی اوورز میں اہم وکٹیں ضائع ہو گئیں۔ ان کے مطابق جب پاور پلے میں تین یا چار وکٹیں گر جائیں تو پھر میچ میں واپسی مشکل ہو جاتی ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ بیٹنگ یونٹ اجتماعی طور پر ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہا اور مطلوبہ شراکتیں قائم نہ ہو سکیں۔گیند بازی کے حوالے سے سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم چار سپنرز کے ساتھ میدان میں اتری تھی لیکن ان کا دن اچھا نہیں تھا۔ ان کے بقول گزشتہ چند ماہ میں یہی شعبہ ٹیم کی مضبوطی رہا ہے مگر اس اہم مقابلے میں درست لائن اور لینتھ برقرار نہ رکھی جا سکی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے منصوبہ بندی تو کی تھی مگر عملدرآمد میں کمی رہی، خاص طور پر درمیانی اوورز میں رنز روکنے میں ناکامی نے مخالف ٹیم کو بڑا مجموعہ بنانے کا موقع دیا۔کپتان نے مزید کہا کہ پہلی اننگز میں وکٹ قدرے مشکل تھی تاہم دوسری اننگز میں حالات بیٹنگ کے لیے نسبتاً بہتر ہو گئے تھے، اس کے باوجود بیٹرز فائدہ نہ اٹھا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں صورت حال کو بہتر انداز میں پڑھنے اور اس کے مطابق حکمت عملی اپنانے کی ضرورت تھی۔سلمان علی آغا نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھارت جیسے روایتی حریف کے خلاف مقابلوں میں جذبات عروج پر ہوتے ہیں اور اعصاب پر قابو رکھنا انتہائی اہم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میچز میں دباؤ کو سنبھالنا ہی اصل چیلنج ہوتا ہے، اور کھلاڑیوں کو تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پرسکون رہنا چاہیے۔انہوں نے واضح کیا کہ اب ٹیم کی تمام تر توجہ اگلے گروپ میچ پر مرکوز ہے۔ ان کے مطابق سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کے لیے آئندہ میچ جیتنا لازمی ہے اور کھلاڑیوں کو شکست کو پس پشت ڈال کر نئی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔ سلمان علی آغا نے کہا کہ اگر ہم اگلا میچ جیت لیتے ہیں تو پھر مرحلہ نیا ہوگا اور ٹیم نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھے گی۔








