پاکستانی حکومت ماحولیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کےلئے پرعزم ہے،ملک امین اسلم

اسلام آباد ۔ 15 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے اقوام متحدہ کی ماحولیاتی اسمبلی کے چوتھے اجلاس کے شرکاءکو حکومت پاکستان کے ماحولیاتی تحفظ کےلئے اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستانی حکومت ماحولیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کےلئے پرعزم ہے، پاکستان ذمہ دار ملک کی حیثیت سے سرسبز سیاسی عزم کے ساتھ عالمی اہداف کی …

اسلام آباد ۔ 15 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے اقوام متحدہ کی ماحولیاتی اسمبلی کے چوتھے اجلاس کے شرکاءکو حکومت پاکستان کے ماحولیاتی تحفظ کےلئے اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستانی حکومت ماحولیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کےلئے پرعزم ہے، پاکستان ذمہ دار ملک کی حیثیت سے سرسبز سیاسی عزم کے ساتھ عالمی اہداف کی تکمیل کےلئے کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت کاربند ہے اور اقوام عالم کی توجہ بھارتی فضائیہ کی حالیہ ماحولیاتی دہشت گردی کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہے جو بھارتی طیاروں نے عالمی سطح پر تسلیم شدہ بلین ٹری سونامی کے تسلیم شدہ جنگلات پر بمباری کے ذریعے کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں اقوام متحدہ کے ماحولیاتی اسمبلی کے چوتھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جمعہ کو ورزارت موسمی تغیر کی طرف سے یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے اجلاس کے شرکاءکو حکومت پاکستان کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ کےلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستانی حکومت ماحولیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کےلئے پرعزم ہے۔ ملک امین اسلم نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت حکومت پاکستان نے کلین گرین پاکستان پراجیکٹ کا آغاز کر رکھا ہے جس کے تحت 10 ارب درختوں کی شجرکاری کے علاوہ سالیڈ ویسٹ مینجمینٹ، لیکوڈ ویسٹ کی ٹریٹمنٹ، سینی ٹیشن نظام کی بہتری اور پینے کےلئے صاف پانی کی فراہمی جیسے ہداف کی تکمیل کےلئے کام کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان کے ماحولیاتی نظام کے ساتھ ساتھ عالمی ذمہ داریوں کو پورا کیا جا سکے۔ مشیر موسمیاتی تبدیلی نے اقوام متحدہ انوائرمنٹ پروگرام کے شرکاءکو بھارتی حکومت کی ماحول دشمنی اور ایکو۔دہشت گردی کے حالیہ جارحانہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے پاکستانی سرحدی حدود کی رات کی تاریکی میں خلاف ورزی کرتے ہوئے بالاکوٹ کے قریب بلین ٹری سونامی کے درختوں پر بمباری کرکے درجنوں درختوں کو نقصان پہنچایا اور اپنی ماحول دشمنی کا واضح ثبوت دیا اور ثابت کیا کہ مودی نہ صرف عالمی امن کےلئے خطرہ ہے بلکہ ”ماحولیاتی دہشت گرد“ بھی ہے، مودی حکومت کی اس ماحول دشمنی کو پاکستان ہر فورم پر اٹھائے گا۔ اقوام متحدہ انوائرمنٹ پروگرام کی ایکزیگٹو ڈائریکٹر جوائس ایمسوہا نے ماحولیاتی تحفظ کےلئے اٹھائے جانے والے پاکستانی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کو ماحولیات کےلئے گرانقدر خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور انہیں پاکستان کے سب سے بڑے سول ایوارڈ ”تمغہءامتیاز“ کےلئے نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

مزید خبریں

Leave a Reply