بیجنگ۔8نومبر (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ میں “انٹرنیشنل کلچر ڈے 2025” کا افتتاح کیا اور مختلف ثقافتی سٹالز کا معائنہ کیا جو دنیا کے 50 سے زائد ممالک کے طلبہ کی جانب سے لگائے گئے ہیں۔ہفتہ کو چین میں پاکستانی سفارتخانہ سے جاری بیان کے مطابق روایتی موسیقی، فنونِ لطیفہ اور مختلف ممالک کے کھانوں کے سٹالز سے دنیا بھر کی …
پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کا پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ میں “انٹرنیشنل کلچر ڈے 2025” کا افتتاح، مختلف ثقافتی سٹالز کا معائنہ

مزید خبریں
بیجنگ۔8نومبر (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ میں “انٹرنیشنل کلچر ڈے 2025” کا افتتاح کیا اور مختلف ثقافتی سٹالز کا معائنہ کیا جو دنیا کے 50 سے زائد ممالک کے طلبہ کی جانب سے لگائے گئے ہیں۔ہفتہ کو چین میں پاکستانی سفارتخانہ سے جاری بیان کے مطابق روایتی موسیقی، فنونِ لطیفہ اور مختلف ممالک کے کھانوں کے سٹالز سے دنیا بھر کی ثقافتوں کی بھرپور نمائندگی کی گئی ۔
پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ کی پرنسپل شازیہ امجد نے مہمانِ خصوصی سمیت تمام شرکا کا خیرمقدم کیا اور طلبہ و اساتذہ کی محنت اور کاوشوں کو سراہا جن کی بدولت یہ تقریب کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ کے تاریخی کردار کو سراہا، جو بیجنگ کا پہلا بین الاقوامی تعلیمی ادارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کالج نے دہائیوں سے بین الثقافتی ہم آہنگی، تعلیمی معیار اور بین الاقوامی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ادارہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور عالمی سطح پر ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہے۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں، کالج کے اساتذہ، میڈیا نمائندگان، چینی شہریوں، طلبہ کے اہلِ خانہ اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔








