اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):روس میں تعینات پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا ،چیمبر کے حکام نے پاکستانی سفیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران پاکستانی سفیر نے چیمبر کے صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر عرفان چوہدری سمیت تاجر برادری کے اراکین کے ساتھ جامع بات چیت کی۔ …
پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کا آئی سی سی آئی کا دورہ،پاک روس تجارت کے فروغ کیلئے بی ٹو بی میٹنگز کی اہمیت پر روشنی ڈالی
اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):روس میں تعینات پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا ،چیمبر کے حکام نے پاکستانی سفیر کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران پاکستانی سفیر نے چیمبر کے صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر عرفان چوہدری سمیت تاجر برادری کے اراکین کے ساتھ جامع بات چیت کی۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان اور روس کے اقتصادی تعلقات کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالی اور تاجر برادری کو روسی مارکیٹ میں تجارت اور سرمایہ کاری کے ابھرتے ہوئے مواقع سے آگاہ کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ روس پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے خاص طور پر ٹیکسٹائل، زراعت، دواسازی، آلات جراحی، کھیلوں کے سامان، پنک سالٹ اور آئی ٹی خدمات میں نمایاں مواقع فراہم کرتا ہے۔ پاکستانی سفیر نے آئی سی سی آئی کے اراکین کو تجارت سے متعلقہ مسائل کے حل، کاروباری روابط کو فروغ دینے اور روس میں نمائشوں اور تجارتی میلوں میں پاکستانیوں کی شرکت کے لیے سفارت خانے کی جانب سے مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
پاکستانی سفیر نے دونوں اطراف کی کاروباری برادریوں کے بہترین مفاد میں زیادہ سے زیادہ بی ٹو بی میٹنگز کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے روس کو پاکستان کی برآمدات کو متنوع بنانے اور دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے تجارتی بہائو کو یقینی بنانے کے لیے بینکنگ چینلز، لاجسٹکس اور ادائیگی کے طریقہ کار کو بہتر بنانے پر زور دیا جبکہ نائب صدر عرفان چوہدری نے توانائی، زراعت، آئی ٹی اور مشترکہ منصوبوں میں مواقع کی نشاندہی کی۔ اجلاس پبلک پرائیویٹ سیکٹر کی مسلسل شمولیت کے ذریعے پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے مشترکہ عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
آئی سی سی آئی کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی، رومان بٹ، کاشف ظاہر نے بھی دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران عبدالرحمان صدیقی، وسیم چوہدری، چوہدری ندیم احمد، ذوالقرنین عباسی، سابق ایس وی پی خالد چوہدری اور آئی سی سی آئی کے ممبر شاہد ظفر بھی موجود تھے۔









