امریکا اور پاکستان کے درمیان انسدادِ دہشت گردی مذاکرات کا چوتھا دور واشنگٹن میں منعقد ہوا۔
پاکستان۔امریکا انسدادِ دہشت گردی مذاکرات کے چوتھے دور کا مشترکہ اعلامیہ، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ

مزید خبریں
واشنگٹن۔5اگست (اے پی پی):امریکا اور پاکستان کے درمیان انسدادِ دہشت گردی مذاکرات کا چوتھا دور واشنگٹن میں منعقد ہوا۔
بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق امریکی وفد کی قیادت انسدادِ دہشت گردی کے لیے امریکی کوآرڈینیٹر گریگوری لوگرفو نے جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزارتِ خارجہ کے سپیشل سیکرٹری نبیل منیر نے کی۔ مذاکرات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں شراکت داری سے متعلق مشترکہ مفادات اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں وفود نے موجودہ دہشت گردی کے خطرات کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا، باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا اور سرحدی سلامتی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ دہشت گردوں کی معاونت اور سہولت کاری کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے اقدامات پر بھی گفتگو کی۔ طرفین نے اس مشترکہ عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان دہشت گرد تنظیموں کا بھرپور مقابلہ کریں گے جو دونوں ممالک کے شہریوں کی سلامتی اور خطے کے استحکام کے لیے خطرہ ہیں جن میں داعش خراسان، القاعدہ، تحریکِ طالبان پاکستان، بلوچستان لبریشن آرمی اور اس سے وابستہ گروہ شامل ہیں۔ دونوں حکومتوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ وہ دونوں ممالک کو محفوظ اور پُرامن بنانے کے لیے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گی جو خطے میں دیرپا امن، خوشحالی اور استحکام کے مشترکہ وژن کا بھی حصہ ہے۔







