پاکستان ، آسٹریلیا ون ڈے سیریز ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے انتہائی اہم ہے،ہیڈ کوچ

پاکستان ، آسٹریلیا ون ڈے سیریز ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے انتہائی اہم ہے،ہیڈ کوچ

اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):پاکستان کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز قومی ٹیم کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے، ٹیم انتظامیہ کی توجہ آئندہ ورلڈ کپ سے قبل متوازن اور مضبوط کمبی نیشن بنانے پر مرکوز ہے۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے حال ہی میں وائٹ بال کرکٹ میں کئی شعبوں میں پیش رفت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف سیریز کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔ مائیک ہیسن نے کہا کہ انتظامیہ کا مقصد نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو ملا کر ایک مضبوط ٹیم بنانا ہے جو مستقبل کے عالمی ٹورنامنٹس میں مسلسل کارکردگی پیش کرنے کے اہل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاور پلے میں موثر باؤلنگ، درمیانی اوورز میں بہتر حکمت عملی اور جارحانہ لیکن ذمہ دارانہ بلے بازی جدید ون ڈے کرکٹ کے لازمی تقاضے ہیں۔ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کی فٹنس، ڈسپلن اور ٹریننگ سیشن میں سخت محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسکواڈ میں مثبت ماحول ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینئر کھلاڑی نوجوان کرکٹرز کی بھرپور رہنمائی کر رہے ہیں جس سے ٹیم کے مجموعی اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مائیک ہیسن نے کہا کہ راولپنڈی سمیت ملک بھر کے سٹیڈیمز میں شائقین کرکٹ کا جوش و خروش کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزائی کا ایک مضبوط ذریعہ ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز 30 مئی سے ہوگا اور پہلا میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ بقیہ دو میچز لاہور میں شیڈول ہیں۔

مزید خبریں