پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل آسٹریلوی ٹیم کا دوسرا گروپ پاکستان پہنچ گیا ہے جبکہ مہمان ٹیم آج شام بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی
پاکستان آسٹریلیا ون ڈے سیریز، آسٹریلوی ٹیم کا دوسرا گروپ پاکستان پہنچ گیا

مزید خبریں
لاہور۔24مئی (اے پی پی):پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل آسٹریلوی ٹیم کا دوسرا گروپ پاکستان پہنچ گیا ہے جبکہ مہمان ٹیم آج شام بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف پر مشتمل دوسرا دستہ پاکستان پہنچنے کے بعد ٹیم ہوٹل منتقل ہوگیا،جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔آسٹریلوی اسکواڈ کی آمد کے بعد سیریز کی تیاریاں مزید تیز ہوگئی ہیں اور شائقین کرکٹ میں بھی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔آسٹریلوی ٹیم آج شام اتوار کو6 بج کر30 منٹ پر پریکٹس سیشن کرے گی،جس میں کھلاڑی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس میں حصہ لیں گے۔ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے کھلاڑیوں کی فٹنس اور کمبینیشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ سیریز کے آغاز سے قبل بہترین تیاری مکمل کی جا سکے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز شیڈول ہے،جس کے لیے دونوں ٹیمیں بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔سیریز کا پہلا میچ 30 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں شائقین کو سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔پاکستانی ٹیم بھی ہوم گراونڈ اور مقامی کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہے جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم اپنی جارحانہ کرکٹ کے باعث ہمیشہ ایک مضبوط حریف سمجھی جاتی ہے۔کرکٹ ماہرین کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار ثابت ہو سکتی ہے۔








