"ایرانی قومی کبڈی ٹیم کی اسلام آباد آمد، مشترکہ تربیتی کیمپ اور دوستانہ میچز ایشین گیمز 2026 کی تیاریوں کا حصہ ہیں۔”
پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ کبڈی تربیتی کیمپ کا آغاز

مزید خبریں
اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):ایرانی قومی کبڈی ٹیم جمعرات کو اسلام آباد پہنچ گئی ہے جہاں وہ پاکستان کی قومی کبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ مشترکہ کبڈی تربیتی کیمپ اور دوستانہ کبڈی میچز میں حصہ لے گی۔
یہ سرگرمیاں جاپان کے شہر آئچی-ناگویا میں ہونے والے 20ویں ایشین گیمز 2026 کی تیاریوں کا حصہ ہیں۔مشترکہ تربیتی کیمپ کا انعقاد پاکستان کبڈی فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری شافع حسین اور صدر چوہدری سالک حسین کی رہنمائی میں کیا جا رہا ہے۔ اس کیمپ سے دونوں ٹیموں کو بہتر تیاری، مسابقتی تجربہ حاصل کرنے اور کھیلوں کے میدان میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے کا موقع ملے گا۔ مشترکہ تربیتی کیمپ کا آغاز 20 اگست کی شام سے ہوگا جبکہ دوستانہ کبڈی میچز 24 سے 26 اگست تک روزانہ شام 7 بجے حمیدی ہال، پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان یہ مشترکہ کھیلوں کی سرگرمیاں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے، دوستی، خیرسگالی، باہمی افہام و تفہیم اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ اس طرح کے کھیلوں کے تبادلے دونوں ممالک کے درمیان تعاون، برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔پاکستان کبڈی فیڈریشن نے پاکستان سپورٹس بورڈ اسلام آباد، تمام سکیورٹی سے متعلق محکموں و اداروں اور معزز سپانسرز کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے جن کے تعاون، معاونت اور کوششوں سے یہ مشترکہ کبڈی تربیتی کیمپ ممکن ہوا۔ فیڈریشن کے مطابق ان اداروں کا تعاون پاکستان اور ایران کے درمیان کھیلوں کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور 20ویں ایشین گیمز 2026 کے لیے قومی کبڈی ٹیم کی تیاریوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔پاکستان کبڈی فیڈریشن نے میڈیا، متعلقہ اداروں اور تمام معاونین کا قیمتی تعاون اور حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے۔








