پاکستان اور بیلجئم کی دو طرفہ تجارت میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے، تجارتی توازن بھی برابر ہے، ٹریڈ کمشنر

فیصل آباد۔ 04 جولائی (اے پی پی):بیلجئم کے ٹریڈ کمشنر عابد حسین نے کہا کہ فیصل آباد کو جی ایس پی پلس سے بھر پور فائدہ اٹھانے کیلئے ٹیکسٹائل کی برآمدات کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں کی درآمدات بڑھانے پر بھی توجہ دینا ہو گی۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بیلجئم بزنس کنٹیکٹ ڈے اور کیٹلاگ ایگزی بیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ …

فیصل آباد۔ 04 جولائی (اے پی پی):بیلجئم کے ٹریڈ کمشنر عابد حسین نے کہا کہ فیصل آباد کو جی ایس پی پلس سے بھر پور فائدہ اٹھانے کیلئے ٹیکسٹائل کی برآمدات کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں کی درآمدات بڑھانے پر بھی توجہ دینا ہو گی۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بیلجئم بزنس کنٹیکٹ ڈے اور کیٹلاگ ایگزی بیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یورپین یونین کے27ملکوں میں سے بیلجئم پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی حصہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلجئم کی دو طرفہ تجارت میں گزشتہ سال 2023میں کچھ کمی ریکارڈکی گئی۔ انہوں نے مقامی سرمایہ کاروں سے کہا کہ وہ بیلجئم میں وئیر ہاؤسز اور شو روم قائم کر کے پورے یورپ کو برآمد کر سکتے ہیں اور اس سلسلے میں انہیں ہر ممکن سہولت مہیا کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بیلجئم کی معیشت میں برآمدات کو کلیدی حیثیت حاصل ہے جس کی پیداواریت دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس کی آبادی دنیا کی کل آبادی کا 0.2فیصد ہے مگر عالمی تجارت میں اس کا حصہ 2.4فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلجئم گڈز کی برآمدات میں دنیا کا 11واں اور سروسز میں 13واں بڑا ملک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیلجئم کے سفارتخانے کا اکنامک اور کمرشل سیکشن ہر سال بزنس سے متعلقہ مختلف سرگرمیوں کا بندوبست کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2020میں بھی بیلجئم نے فیصل آباد میں کیٹلاگ شو کا اہتمام کیا تھا۔ ٹریڈ اینڈ کمرشل آفیسر شوکت نیازی نے بتایا کہ کیٹلاگ شو میں مختلف کمپنیوں سے متعلقہ میٹریل رکھا گیا ہے تاہم چیمبر کے خواہشمند ممبر درخواست دے کر متعلقہ میٹریل حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے پاکستانی مصنوعات کے معیار کو سراہا اور کہا کہ عابد حسین کو اپنے فرائض سر انجام دیتے ہوئے 35سال ہو گئے ہیں اور اس دوران بیلجئم کے درآمد کنندگان کی طرف سے صرف 5معمولی نوعیت کی شکایات موصول ہوئیں۔سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور بتایا کہ بیلجئم ٹیکنالوجی، فارماسوٹیکل اور سروسز کے شعبہ میں بہت آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلجئم کے صنعتکاروں کو پاکستان میں بھی دوا سازی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کا جائزہ لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر کے دس ہزار ممبران کا 118سیکٹرز اور سب سیکٹر ز سے تعلق ہے جبکہ دونوں ملکوں میں تعاون کو بڑھانے کیلئے تجارتی وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دونوں ملکوں کے پوٹینشل کے حوالے سے دو طرفہ تجارت کا حجم بہت کم ہے جسے کم از کم 5ارب ڈالر تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے ایتھوپیا کے حالیہ دورے کا ذکر کیا اور بتایا کہ یہ ملک 96فیصد ادویات درآمد کرتا ہے جبکہ پاکستان بیلجئم کے تعاون سے پاکستان میں جدید ادویات تیار کر کے ایتھوپیا سمیت دیگر ملکوں کو برآمدکی جا سکتی ہیں۔

اس موقع پر بیلجئم کے بارے میں ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جبکہ آخر میں ایگزیکٹو ممبر میاں محمد طیب نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی جس میں نائب صدر حاجی محمداسلم بھلی، چوہدری طلعت محمود، حاجی محمد عابد، میاں عبدالوحید، شیخ محمد فاضل، طیب گیلانی اور سہیل بٹ نے حصہ لیا۔ آخر میں ڈاکٹر سجاد ارشد نے بیلجئم کے ٹریڈ کمشنر عابد حسین کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی اور کیٹلاگ شو کا دورہ کرنے کے علاوہ شرکا کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

مزید خبریں