پاکستان اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ (کل) شروع ہو گا

راولپنڈی۔19اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں پاکستان اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ (کل)پیر سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا۔ شائقین کا جنرل، فرسٹ کلاس، پریمیئم اور وی آئی پی انکلوژرز میں داخلہ مفت ہو گا۔ پاکستان کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ قذافی سٹیڈیم …

راولپنڈی۔19اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں پاکستان اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ (کل)پیر سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گا۔ شائقین کا جنرل، فرسٹ کلاس، پریمیئم اور وی آئی پی انکلوژرز میں داخلہ مفت ہو گا۔ پاکستان کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 93 رنز سے شکست دی تھی۔ قومی ٹیم شان مسعود کی قیادت میں میدان میں اترے گی اور کھلاڑی سیریز میں کلین سویپ کے عزم کے ساتھ پرجوش نظر آ رہے ہیں۔ پہلے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان ٹیم کا مورال بلند ہے۔ دوسری جانب جنوبی افریقا کے کپتان ایڈن مارکرم راولپنڈی ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

میچ کا آغاز صبح 10 بجے ہو گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے جنرل، فرسٹ کلاس، پریمیئم اور وی آئی پی انکلوژرز میں داخلہ بالکل مفت ہو گا تا کہ زیادہ سے زیادہ شائقین کو سٹیڈیم میں آ کر اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کا موقع مل سکے۔ شائقین کرکٹ کو ایک سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کی توقع ہے جہاں دونوں ٹیمیں اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کریں گی۔