پاکستان اور مالٹا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے دوسر ے دور کا انعقاد ، باہمی تعلقات اور کثیر الجہتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):پاکستان اور جمہوریہ مالٹا کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا دوسرا دور منعقد ہوا۔ دفتر خارجہ کے مطابق ورچوئل اجلاس میں پاکستان کی طرف سے ایڈیشنل سیکرٹری (پالیسی پلاننگ اور آرمز کنٹرول) محمد کامران اختر کی قیادت میں وفد مشاورت میں شریک ہوا جبکہ مالٹا کی جانب سے سفیر فیونا فارموسا ڈائریکٹر جنرل (سیاسی بیرونی تعلقات اور یورپی امور) کی زیر قیادت وفد نے بات چیت میں شرکت کی۔

بات چیت میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کے ساتھ ساتھ کثیر الجہتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے اہمیت کے حامل تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ فریقین نے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے اور پاکستان مالٹا مشترکہ تکنیکی کمیشن کو بحال کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکل، صحت اور سٹارٹ اپس کے شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

فریقین نے مختلف بین الاقوامی فورمز بالخصوص اقوام متحدہ اور دولت مشترکہ میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تنازعہ جموں و کشمیر، افغانستان، فلسطین، یوکرین، انسداد دہشت گردی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات اور موسمیاتی تبدیلی سمیت علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد پر مالٹی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری نے مالٹا کے نمائندوں کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے کاموں کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری کو ماحولیاتی انصاف کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ فریقین نے دو طرفہ سیاسی مشاورت کو آئندہ بھی جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔