پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چوتھا دور اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت وزارتِ خارجہ کی ایڈیشنل سیکرٹری (یورپ) سفیر عائشہ علی نے کی
پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چوتھا دور، تعاون کے فروغ پر اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چوتھا دور اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت وزارتِ خارجہ کی ایڈیشنل سیکرٹری (یورپ) سفیر عائشہ علی نے کی، جبکہ پرتگالی وفد کی سربراہی پرتگال کی وزارتِ خارجہ کی ڈائریکٹر جنرل برائے خارجہ پالیسی، سفیر ہیلینا مالکاٹا نے کی۔
دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور سیاسی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ تجارت و سرمایہ کاری، افرادی قوت کی نقل و حرکت، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، سیاحت، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس کے علاوہ کاروباری اداروں کے درمیان روابط، بندرگاہی رابطہ کاری، اور زیتون کی کاشت اور پراسیسنگ کے شعبے میں تعاون کے مواقع پر بھی گفتگو کی گئی۔دونوں جانب سے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا اور کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون اور ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
دورے کے دوران پرتگالی وفد نے سیکرٹری خارجہ سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔مشاورت کا یہ دور خوشگوار اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوا۔ دونوں فریقوں نے باقاعدہ سیاسی مکالمے کے تسلسل اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر لزبن میں منعقد کیا جائے گا۔






