اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں جمہوریہ پولینڈ کے عوام کو ان کے 107 ویں یوم آزادی پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق پولینڈ کے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 1962ء میں سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دوستی …
پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات میں مسلسل ترقی کے خواہاں ہیں ، صدر مملکت آصف علی زرداری کا پولینڈ کے یوم آزادی پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں جمہوریہ پولینڈ کے عوام کو ان کے 107 ویں یوم آزادی پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق پولینڈ کے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 1962ء میں سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دوستی باہمی احترام اور تعاون کی بنیاد پر مسلسل مضبوط ہوتی چلی آئی ہے، اس عرصہ میں ہمارا اشتراک سیاسی مکالمے، تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں تک پھیل چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جولائی 2025ء میں وارسا میں منعقدہ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا نواں دور قابل داد ہے جس میں توانائی، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، نقل مکانی اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے ہمارے عزم کی توثیق کی گئی۔
صدر مملکت نے کہا کہ اس موقع پر میں ان پولش انجینئرز، پائلٹوں اور ٹیکنیشنز کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے پاکستان کے قیام کے ابتدائی برسوں میں پاک فضائیہ کی تشکیل و تعمیر میں کلیدی کردار ادا کیا، ان کی خدمات دونوں ممالک کے درمیان رشتے کی دائمی علامت ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ میں پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات میں مسلسل ترقی کا خواہاں ہوں اور پولینڈ کے عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے اپنی دلی تمنائیں پیش کرتا ہوں۔








