پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75سال مکمل ہونے پر چینی وفد نے قومی اسمبلی کا دورہ کیا اور اجلاس کی کارروائی دیکھی

پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75سال مکمل ہونے پر چینی وفد نے قومی اسمبلی کا دورہ کیا اور اجلاس کی کارروائی دیکھی

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75سال مکمل ہونے پر چینی وفد نے قومی اسمبلی کا دورہ کیا اور اجلاس کی کارروائی دیکھی،اس موقع پر تمام پارلیمانی جماعتوں نے چینی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے چین اور پاکستان کی دوستی کو ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری قراردیا۔بدھ کو قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی دیکھنے جب وفد مہمانوں کی گیلری میں آیا تو ارکان نے ڈیسک بجاکر اس کا استقبال کیا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چینی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات کو 75 سال ہوچکے ہیں،ہم چینی وفد کو قومی اسمبلی آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے چینی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اور حکومت کے درمیان شدید اختلافات ہیں جنہیں بالائے طاق رکھ کر ہم یہاں آئے ہیں،چینی وفد کی آمد پر ہم نے اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ ختم کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم چینی وفد کو قومی اسمبلی آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں،پاکستان چین کے احسانات کبھی نہیں بھولے گا۔پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید نوید قمر نے کہا کہ پی پی پی کی جانب سے چینی وفد کو خوش آمدید کہتا ہوں ،ذوالفقار علی بھٹو کا چینی قیادت کے ساتھ بہت خاص تعلق تھا۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے چین کے ہر علاقے کا دورہ کیا،پاکستان اور چین کے درمیان کوئی معمولی تعلقات نہیں ،ہر پاکستانی کی جانب سے چینی وفد کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی سید امین الحق نے کہا کہ ان کی جماعت پاک چین دوستی کو عظیم داستان سمجھتی ہے،چین نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا،پاکستان اور چین کے تعلقات نے ہمیشہ دنیا کے فیصلوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔جمیعت علمائے اسلام کی رکن شاہدہ اختر علی نے کہا کہ میں مولانا فضل الرحمان کی جانب سے چینی وفد کو خوش آمدید کہتی ہوں،75 سال کی دوستی اخلاص حمایت اور تعاون پر مبنی ہے،میں دونوں ملکوں کے قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔اپوزیشن کے رکن قومی اسمبلی ارباب شیر علی نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے پارٹی کو ہدایت کر رکھی ہے کہ چین کے ساتھ تعلقات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،پی ٹی آئی سی پیک کو ہر حال میں آگے بڑھانے کی قائل ہے۔