پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات ، لوگو ڈیزائن مقابلے میں تین ڈیزائنرز کا انتخاب

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):وزارتِ خارجہ نے پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں منعقد کیے گئے لوگو ڈیزائن مقابلے کے فائنلسٹس کے اعزاز میں ایک تقریبِ تقسیمِ انعامات کا اہتمام کیا۔ یہ مقابلہ نومبر 2025 میں وزارتِ خارجہ کے زیرِ اہتمام منعقد کیا گیا تھا۔اس مقابلے کو ملک بھر سے شاندار پذیرائی ملی اور پاکستان کے مختلف شہروں سے …

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):وزارتِ خارجہ نے پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں منعقد کیے گئے لوگو ڈیزائن مقابلے کے فائنلسٹس کے اعزاز میں ایک تقریبِ تقسیمِ انعامات کا اہتمام کیا۔ یہ مقابلہ نومبر 2025 میں وزارتِ خارجہ کے زیرِ اہتمام منعقد کیا گیا تھا۔اس مقابلے کو ملک بھر سے شاندار پذیرائی ملی اور پاکستان کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں ڈیزائن موصول ہوئیں۔

وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق طویل اور جامع جانچ پڑتال کے عمل کے بعد سرفہرست تین ڈیزائنرز کا انتخاب کیا گیا۔تقریب میں سیکرٹری خارجہ نے چین کے سفیر کے ہمراہ مقابلے کے کامیاب شرکاء کو ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور محنت کے اعتراف میں اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے مقابلے میں وسیع پیمانے پر شرکت کو سراہا، جس سے نہ صرف ملک کی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار ہوا بلکہ بالخصوص نوجوانوں میں پاکستان–چین تعلقات کی مضبوط عوامی پذیرائی بھی نمایاں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب صرف فنی مہارت کے اعتراف تک محدود نہیں بلکہ نوجوانوں کے اس اہم کردار کو بھی اجاگر کرتی ہے جو دوستی اور خیرسگالی کے سفیر کے طور پر ادا کرتے ہیں۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور گہرے تعاون کو اجاگر کیا۔ انہوں نے 75ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کی جانے والی بامعنی اور دلچسپ تقریبات کو بھی سراہا۔سال 2026 پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کا سال ہے۔