بیجنگ۔9نومبر (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیرخلیل ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ (پی ای سی بی) کی جانب سے منعقدہ بین الاقوامی ثقافتی دن ایک اہم سالانہ تقریب ہے جو 50 سے زائد ممالک کے طلباء اور والدین کو ایک ساتھ لاتی ہے، یہ تقریب شرکاء کو مختلف ممالک کے کھانوں، موسیقی، روایات اور دستکاری کے ذریعے ثقافتی تنوع کو جاننے کا موقع فراہم کرتی …
پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ دوستی، باہمی احترام اور عالمی یکجہتی کو فروغ دے رہا ہے، خلیل ہاشمی

مزید خبریں
بیجنگ۔9نومبر (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیرخلیل ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ (پی ای سی بی) کی جانب سے منعقدہ بین الاقوامی ثقافتی دن ایک اہم سالانہ تقریب ہے جو 50 سے زائد ممالک کے طلباء اور والدین کو ایک ساتھ لاتی ہے، یہ تقریب شرکاء کو مختلف ممالک کے کھانوں، موسیقی، روایات اور دستکاری کے ذریعے ثقافتی تنوع کو جاننے کا موقع فراہم کرتی ہے جو باہمی اتحاد اور سمجھ بوجھ کو فروغ دیتی ہے۔اتوار کواے پی پی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وہ تقریب ہے جو ہم ہر سال منعقد کرتے ہیں اور پاکستان ایمبیسی کالج کے طلباء ہمیشہ شاندار کارکردگی دکھاتے ہیں۔
سفیر خلیل ہاشمی نے اسکول کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ای سی بی حقیقت میں ایک بین الاقوامی ادارہ ہے جو 50 سے زائد قومیتوں کی نمائندگی کرتا ہے اور بیجنگ کا سب سے قدیم بین الاقوامی اسکول ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کے والدین، دوستوں اور بچوں کو ایک ساتھ اکٹھا کر کے جن میں ہمارے چینی دوست بھی شامل ہیں، ہم دوستی اور باہمی احترام کے رشتوں کو مضبوط کرتے ہیں۔سفیر خلیل ہاشمی کے مطابق تقریب میں تقریباً ایک ہزار افراد شریک ہوئے جبکہ سوشل میڈیا نے کالج کی پاکستان کے مثبت تشخص اور بین الاقوامی یکجہتی کو فروغ دینے کی کوششوں کو مزید بڑھا دیا۔
تقریب میں مختلف ثقافتی اسٹالز، فنون اور تاریخ کی نمائشیں اور بچوں کی تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جنہوں نے عالمی برادری کی بھرپور توجہ حاصل کی۔پاکستانی کھانوں، دستکاری اور روایتی ملبوسات کو خاص پذیرائی ملی جبکہ مختلف ممالک کے روایتی کھانوں، لباس اور ثقافتی اشیاء پر مبنی اسٹالز بھی توجہ کا مرکز رہے۔تقریب میں پاکستانی، چینی، بنگلہ دیشی اور افریقی گیت اور رقص پیش کیے گئے جنہیں شرکاء نے خوب سراہا۔
چین، آذربائیجان، بنگلہ دیش، نیپال اور کئی افریقی ممالک کے طلباء اور خاندانوں نے اپنے روایتی لباس، دستکاری اور کھانوں کے ذریعے اپنے ملکوں کی ثقافت کو اجاگر کیا۔زائرین نے تاریخ، جغرافیہ اور سائنس کی نمائشوں کے ساتھ بچوں کے لیے تفریحی سرگرمیوں، بشمول "ہانٹیڈ ہاؤس” کا بھی لطف اٹھایا۔ موقع کی مناسبت سے سفیر خلیل ہاشمی اور ان کی اہلیہ نے پرنسپل، اساتذہ اور طلباء کے ساتھ مل کر کیک کاٹ کر تقریب کا آغاز کیا۔ اختتام پر خوش قسمت شرکاء میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔








