اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کی ہدایات پر پاکستان تحریک انصاف نے کورونا وائرس کے خلاف قومی مدافعت کے معاملہ پر ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کی روشنی میں چیف آرگنائزر سیف اﷲ خان نیازی نے پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے تمام ریجنل صدور کو ہنگامی ہدایات جاری کر دیں۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری …
پاکستان تحریک انصاف کا کورونا وائرس کے خلاف قومی مدافعت کی ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کی ہدایات پر پاکستان تحریک انصاف نے کورونا وائرس کے خلاف قومی مدافعت کے معاملہ پر ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کی روشنی میں چیف آرگنائزر سیف اﷲ خان نیازی نے پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے تمام ریجنل صدور کو ہنگامی ہدایات جاری کر دیں۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ذمہ داران ملک گیر مہم کے تحت کورونا سے بچاؤ کیلئے آگاہی مہم چلائیں گے اورپارٹی کی آفیشل سوشل میڈیا ٹیم سماجی میڈیا کیلئے خصوصی آگاہی مہم تیار کرے گی۔ ملک گیر مہم کے تحت عوام کو کورونا سے بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے کارکن عوام کو گھروں تک محدود رہنے اور بلاضرورت باہر نہ نکلنے کی ترغیب دیں گے۔ چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ کورونا سے بچنے کیلئے صحت و صفائی کے جدید طریقوں کے بارے میں آگاہی بھی مہم کا حصہ ہے، کورونا کے خلاف پوری قوم کا یکجا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی سطح پر بہترین تدابیر اختیار کئے بغیر کورونا جیسے چیلنج سے نمٹنا نہایت مشکل ہے۔ سیف اﷲ خان نیازی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پوری حکومت قوم کو کورونا سے بچانے کیلئے متحرک ہے، تحریک انصاف وزیراعظم کی قیادت میں کورونا کے تدارک کی قومی کوششوں میں اپنا حصہ ڈالے گی۔ سیف اﷲ خان نیازی نے کہا کہ ریجنل صدور اپنے اپنے ریجنز میں نچلی ترین سطح تک عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے متحرک ہوں، پرہیز علاج سے بہتر ہے کے اصول کے تحت کارکن عوام کو حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ذمہ داران علماء و خطیب حضرات کے ذریعے مساجد اور خطبات جمعہ کو آگاہی کیلئے بروئے کار لائیں، قوم کی صحت و سلامتی کیلئے رب ذوالجلال کے حضور دعا گو ہیں۔








