وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور ریاستیں و سرحدی امور انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ان کے حق خودارادیت کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر انجینئر امیر مقام کا یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور ریاستیں و سرحدی امور انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ان کے حق خودارادیت کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔منگل کو یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یومِ استحصال اس انسانی المیے، بنیادی حقوق کی پامالی اور اس مشترکہ ذمہ داری کی یاد دہانی کراتا ہے کہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ان کا حقِ خودارادیت دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ تقریباً آٹھ دہائیوں سے بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی افواج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، شہری آزادیوں پر پابندیاں، حقیقی کشمیری قیادت کی گرفتاری، طویل حراستیں، اظہارِ رائے اور نقل و حرکت کی آزادی پر قدغنیں، نیز خطے کے ڈیموگرافک اور سیاسی تشخص میں تبدیلی کی کوششیں شدید تشویش کا باعث ہیں۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود کشمیری عوام نے اپنی شناخت، ثقافتی ورثے اور قومی امنگوں کے تحفظ کے لئے غیر معمولی جرأت اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے، ان کا عزم اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ آزادی کی خواہش کو طاقت کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا جبکہ پائیدار امن صرف انسانی وقار کے احترام، بامعنی مکالمے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری سے ہی ممکن ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ بطور وزیرِ امورِ کشمیر، کشمیر کاز کے لئے اپنے عزم پر قائم ہیں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لئے اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لئے مسئلہ جموں و کشمیر کے حل کو ترجیح دے، انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے مؤثر کردار ادا کرے اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کی حمایت کرے۔








