پاکستان خطہ میں امن و استحکام اور کشیدگی میں کمی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی ہفتہ وار بریفنگ

اسلام آباد ۔ 16 جنوری (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان خطہ میں امن و استحکام اور کشیدگی میں کمی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، سعودی عرب نے عام معافی کے تحت اب تک 579 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا ہے۔ جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان …

اسلام آباد ۔ 16 جنوری (اے پی پی) ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان خطہ میں امن و استحکام اور کشیدگی میں کمی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، سعودی عرب نے عام معافی کے تحت اب تک 579 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا ہے۔ جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے گزشتہ سال اعلان کردہ عام معافی کے تحت اب تک579 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا ہے جبکہ سزائیں مکمل ہونے پر یا دیگر معافیوں کے تحت مزید 1500 پاکستانی قیدیوں کو بھی رہا کیا گیا ہے۔سعودی ولی عہد نے گزشتہ سال فروری میں مجموعی طور پر 2 ہزار پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ دنیا بھر کے مختلف 28 ممالک میں 10 ہزار سے زائد پاکستانی جیلوں میں بند ہیں، ان میں نصف قیدیوں پر کریمنل اور سمگلنگ کے الزامات ہیں۔ پاکستانی سفارتخانوں اور قونصل خانوں نے گزشتہ چند سالوں کے دوران پاکستانی قیدیوں کی معاونت کی غرض سے مختلف ممالک میں 13 ہزار سے زائد قونصل رسائی فراہم کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور پاکستانی قیدیوں کی رہائی کیلئے دیگر حکومتوں کے ساتھ مسلسل رابطوں میں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کی غرض سے وزیراعظم کا دورہ ڈیوس سوئٹزرلینڈ متوقع ہے، تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ امریکہ اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی سے متعلق ترجمان نے کہا کہ پاکستان مذاکرات کی بحالی کا خیرمقدم کرتا ہے۔ ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حزب وحدت مردان افغانستان کے سربراہ حاجی محقق کی سربراہی میں طالبان وفد نے حال ہی میں تھنک ٹینک کی دعوت پر اسلام آباد کا دورہ کیا، فارن آفس سرگرمی سے آگاہ تھا۔ ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکی سفارتکار ایلس ویلس پاکستان کے دورہ پر آئیں گی۔