ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان دیگر برادر ممالک کے ساتھ مل کر خلیج اور مشرقِ وسطیٰ کے بحران بالخصوص ایران اور امریکا کے درمیان جاری تعطل کے حل کے لیے مخلصانہ کوششوں میں مصروف ہے
پاکستان دیگر برادر ممالک کے ساتھ مل کر ایران اور امریکا کے درمیان جاری تعطل کے حل کے لیے مخلصانہ کوششوں میں مصروف ہے،ترجمان دفتر خارجہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان دیگر برادر ممالک کے ساتھ مل کر خلیج اور مشرقِ وسطیٰ کے بحران بالخصوص ایران اور امریکا کے درمیان جاری تعطل کے حل کے لیے مخلصانہ کوششوں میں مصروف ہے۔ جمعرات کو یہاں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ علاقائی سطح پر چیف آف آرمی اسٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 24 اگست کو پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کے سلسلے میں تہران کا دورہ کیا جس کا مقصد امریکا اور ایران کے درمیان تنازعہ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں علاقائی کشیدگی میں کمی، فوجی تعطل کے خاتمے اور علاقائی امن و استحکام کی بحالی کے لیے مذاکرات کے ذریعے تصفیے کے امکانات کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ اس دورے نے امریکا اور ایران کے درمیان اختلافات کم کرنے میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازعہ کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بعض حلقوں کی جانب سے یہ دعوے کہ چیف آف آرمی اسٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسز نے صدر ٹرمپ یا امریکا کے ایلچی کی حیثیت سے ایران کا دورہ کیا، گمراہ کن اور حقائق کے منافی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ان کا یہ دورہ خالصتاً پاکستان کے جاری ثالثی کردار کے تناظر اور پس منظر میں کیا گیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اس اہم پیش رفت کے ساتھ ساتھ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی خطے میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔ ترجمان نے کہا کہ نائب وزیراعظم نے 14 اگست کو مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے گفتگو کی جس میں بنیادی طور پر دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 17، 19 اور 25 اگست کو نائب وزیراعظم نے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے علاقائی صورتحال، تعاون کے فروغ اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر گفتگو کی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 24 اگست کو نائب وزیراعظم نے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے گفتگو کی جس میں قریبی دوطرفہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا اور علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا جبکہ مذاکرات، سفارت کاری اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد پر خصوصی زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سفارتی رابطوں اور کوششوں کو فعال طور پر جاری رکھے گا اور ان تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت کرے گا جن کا مقصد امن مذاکرات کی بحالی اور تنازعہ کے ایک جامع، منصفانہ اور پائیدار حل کا حصول ہے







