پاکستان ریلویز کی بحالی اور ایم ایل ون؛ نئے مالی سال کے بجٹ میں وزارتِ ریلوے کے لیے مجموعی طور پر 109 ارب 27 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز

وفاقی بجٹ میں وزارتِ ریلوے کے لئے مجموعی طور پر 109 ارب 27 کروڑ 90 لاکھ روپے کی بجٹ تجاویز شامل کی ہیں،

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی حکومت نے مالی سال 27-2026 کے سالانہ مالیاتی گوشوارے میں پاکستان ریلویز کے خسارے کو کم کرنے، انجنوں کی مرمت اور ٹریکس کی جدید کاری کے لئے وزارتِ ریلوے کے لئے مجموعی طور پر 109 ارب 27 کروڑ 90 لاکھ روپے کی بجٹ تجاویز شامل کی ہیں،

اس بجٹ کا بڑا حصہ ریلوے کے جاری اخراجات کو سہارا دینے اور ایم ایل ون جیسے بڑے منصوبوں کے لیے رکھا گیا ہے۔بجٹ دستاویز کے مطابق وزارتِ ریلوے کے اپنے مرکزی دفتری اور انتظامی امور (غیر ترقیاتی اخراجات) کے لئے 12 ارب 27 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاہم ریلوے نیٹ ورک کے نقصانات کو پورا کرنے، ملازمین کی تنخواہوں اور ہزاروں ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کی بلاتعطل ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے وفاقی گرانٹ کے تحت الگ سے 52 ارب روپے کے غیر ترقیاتی فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ترقیاتی امور کے حوالے سے بجٹ دستاویز کے مطابق وفاق کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت پاکستان ریلویز کے بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی، سگنلنگ سسٹم کی جدید کاری، نئے انجنوں و بوگیوں کی خریداری اور سی پیک کے فلیگ شپ’’ایم ایل ون‘‘ منصوبے کی بتدریج پیشرفت کے لئے مجموعی طور پر 45 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کئے گئے ہیں تاکہ مسافروں کو محفوظ اور تیز رفتار سفری سہولیات میسر آ سکیں۔